فلسطینی صدر محمود عباس نے بعض عرب ممالک کی طرف سے اسرائیل سے مذاکرات کی حمایت کی بعد اسرائیل سے بالواسطہ طورپرمذاکرات کا فیصلہ کرلیا ہے، اس سلسلے میں محمود عباس اتوار کو اٹلی کے دارالحکومت روم میں اٹالین قیادت سے باچیت کریں گے، بعد ازاں فلسطینی صدر اسرائیلی صدر شمعون پیریز سے ملاقات کریں گے۔ اتوار کو ہونے والی اس ملاقات میں فلسطینی صدر اور اسرائیل کے درمیان مذاکرات کے بحالی اور اس کے طریقہ کار پرغور کیا جائے گا۔ ادھر اسرائیل کے عبرانی زبان میں شائع ہونے والے اخبار”ہارٹز” نے اپنی رپورٹ میں کہا ہے کہ امریکی صدر کے خصوصی ایلچی برائے مشرق وسطیٰ جارج میچل کل ہفتے کے روز اسرائیل پہنچ رہے ہیں۔ اسرائیل پہنچنے کے بعد وہ فلسطین اسرائیل کے درمیان امن بات چیت کی بحالی کے لیے اسرائیل کی اعلیٰ سطح کی قیادت سے بات چیت کریں گے۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ امریکا کو توقع ہے کہ فلسطین اسرائیل مذاکرات جلد بحال ہوجائیں گے، اس ضمن میں امریکی صدر باراک حسین اوباما مسلسل کوشش کر رہے ہیں تاکہ تعطل کا شکار مذاکرات جلد بحال ہوں۔ دوسری جانب اسرائیلی ٹی وی نے دعویٰ کیا ہے کہ فلسطینی صدر محمود عباس اپنے اسرائیلی اور اٹالین ہم منصب سے آئندہ ماہ کی بائیس تاریخ کو روم میں مذاکرات کریں گے۔ سہ فریقی مذاکرات میں فلسطین اور اسرائیل کے درمیان بات چیت کا سلسلہ باضابطہ طور پر شروع کرنے کا طریقہ کاروضح کیا جائے گا۔ ادھر اسرائیلی صدر کے دفتر کے ذرائع نے بھی بائیس اپریل کو روم میں سہ فریقی اجلاس کے انعقاد کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ اسرائیل اس ضمن میں تیاریاں کر رہا ہے۔