فلسطینی مجلس قانون ساز میں بیت المقدس کمیٹی کے رکن ڈاکٹر احمد ابو حلبیہ نے واضح کیا ہے کہ اسرائیل فلسطینی اراضی کو یہودیانے کے لیے اپنی مجرمانہ کارروائیاں جاری رکھے ہوئے ہے جن میں فلسطینیوں کو شہر بدر کرنا اور ان کے گھروں کو مسمارکرنا شامل ہے- اسرائیلی حکومت مقبوضہ فلسطین کے جنوبی علاقے النقب میں یہودی شہر ’’کسیف‘‘ تعمیر کرنے کا ارادہ رکھتی ہے- جس میں ایک لاکھ یہودیوں کو آباد کیاجائے گا- النقب کے علاقے میں ہزاروں فلسطینی بدو رہتے ہیں- ابو حلبیہ نے ایک بیان میں کہا ہے کہ اسرائیلی منصوبہ فلسطین کے ملبے پر یہودی ریاست کے قیام کی مذموم سازش کی ایک کڑی ہے- ڈاکٹر ابو حلبیہ نے کہا کہ اسرائیلی حکومت مغربی کنارے کے مختلف شہروں میں فلسطینیوں کی زمین غصب کررہی ہے- اسرائیل مقبوضہ بیت المقدس کو مکمل طور پر یہودیانے کے لیے کوشاں ہے جس کے لیے وہ بیسیوں نہیں ہزاروں گھروں کو مسمار کرنے کے لیے تیار ہے-