امریکی وزیرخارجہ ہیلری کلنٹن نے مغربی کنارے میں متنازعہ صدر محمود عباس کے زیر کمانڈر سیکیورٹی فورسز کے اسرائیل کے ساتھ سیکیورٹی تعاون کی تعریف کرتے ہوئے کہا ہے کہ عباس ملیشیا نے اسرائیل کا احترام کرنا سیکھ لیا ہے، اس طرح ملیشیا اسرائیلی فوج کی ہمدردیاں حاصل کرنے میں بھی کامیاب ہوگئی ہے۔ بدھ کے روز واشنگٹن میں کانگریس کی ایک کمیٹی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ امریکا عباس ملیشیا کی صلاحیتوں اور مزاحمت کچلنے کی استعداد کار میں اضافے کے لیے کوششیں جاری رکھے گا۔ امریکی وزیرخارجہ کا کہنا تھا کہ ان کا ملک فلسطین اور اسرائیل کے درمیان امن بات چیت کی حمایت کرتا ہے اور صدر محمود عباس کے زیر کمانڈ سیکیورٹی فورسز کی استعداد کار کو بڑھانے کے لیے جنرلج کیتھ ڈائٹون کو کردار سونپا گیا ہے جو اپنی نگرانی میں عباس ملیشیا کی عسکری تربیت انجام دے رہے ہیں۔ ہیلری کلنٹن نے مزید کہا کہ جنرل کیتھ ڈائٹون مغربی کنارے میں وزیراعظم سلام فیاض اور صدر محمود عباس کے ساتھ نہایت کامیابی کے ساتھ اپنے فرائض انجام دے رہے ہیں، اور انہوں نے سیکیورٹی ادارے کی اس انداز میں تربیت کی ہے کہ عباس ملیشیا نے اسرائیل کا احترام سیکھ لیا ہے۔ اس طرح اب مغربی کنارے میں مزاحمت کاروں کے کچلنے میں مصروف عباس ملیشیا نے اسرائیل کی ہمدردیاں بھی حاصل کرلی ہیں۔