مقبوضہ بیت المقدس کے شہر شیخ جراح میں یہودی آباد کاروں اور فلسطینی شہریوں کے درمیان جھڑپوں میں متعدد افراد زخمی ہوئے ہیں، زخمیوں میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں۔ مرکز اطلاعات فلسطین کے ذرائع کےمطابق بدھ کی شام غاصب یہودی آباد کاروں کے ایک گروہ نے شیخ جراح میں فلسطینی آبادی والے علاقے میں داخل ہو کرخواتین اور بچوں کو تشدد کا نشانہ بنانا شروع کیا، جس پر مشتعل فلسطینیوں نے جوابی کارروائی میں قابض آباد کاروں پر حملہ کیا، اس موقع پر یہودیوں کو اسرائیلی فوج کی طرف سے مکمل حمایت اور تحفظ فراہم کیا گیا جبکہ فلسطینیوں کی جوابی کارروائی میں قابض فوج نے بھی فلسطینیوں کو تشدد کا نشانہ بنایا۔ عینی شاہدین کے مطابق یہودی آباد کاروں نے فلسطینی شہریوں پر اس وقت حملہ کیا جب وہ غاوی نامی شہری کے گھر میں ایک تقریب کے لیے جمع تھے کہ یہودی آباد کاروں نے حملہ کردیا۔ حملے میں زخمی افراد کو ہسپتال منتقل کیاگیا جہاں ان میں سے بیشتر کی حالت خطرے سے باہر بتائی جاتی ہے۔