پی ایل او میں پولٹ بیورو کے سربراہ فاروق قدومی نے فلسطین سے باہر فتح کی کانفرنس کے انعقاد کا مطالبہ کیا ہے۔ فاروق قدومی کا مطالبہ ایسے وقت سامنے آیا ہے جب فتح اور فلسطینی اتھارٹی کے اعلیٰ عہدیداران کے اخلاقی، سیاسی اور مالی کرپشن میں ملوث ہونے کے بے شمار سکینڈلز سامنے آئے ہیں۔ ماہرین نے ان سیکینڈلز کو فتح کے لیے زبردست دھچکا قرار دیا۔ ان سکینڈلز کی وجہ سے فلسطینی عوام میں فتح کی مقبولیت کا گراف بہت نیچے چلا گیا ہے۔ عرب اخبار ”القدس العربی” کے مطابق فاروق قدومی نے فتح میں تنظیمی رابطے شروع کردیے ہیں۔ فاروق قدومی نے فتح کی چھٹی کانفرنس میں کیے گئے فیصلے اور نتائج کے متعلق شک کا اظہار کیا اور فتح کو بچانے کے لیے فلسطین سے باہر کانفرنس کے انعقاد کا مطالبہ کیا ہے۔ واضح رہے کہ فاروق قدومی پی ایل او کے پولٹ بیورو کے چیئرمین کی حیثیت سے ابھی تک کام کررہے ہیں جس کا صدر دفتر تونس میں ہے۔ فاروق قدومی کا دعویٰ ہے کہ فتح کی کانفرنس میں انہیں عہدے سے ہٹائے جانے کا فیصلہ غیر قانونی ہے اور انہیں عہدے سے ہٹائے جانے کے فیصلے کے حوالے سے کوئی خط موصول نہیں ہوا۔ عہدے سے ہٹائے جانے کے متعلق انہوں نے میڈیا سے سنا ہے۔