اسرائیلی جیل حکام کی جانب سے حماس کے رہنما اسیر رافت ناصیف کو ایک جیل سے دوسری جیل منتقل کرنے کا سلسلہ جاری ہے۔ پرزنرز سٹڈیز سنٹر کے مطابق اسرائیلی حکام کا ہدف رافت ناصیف کو اس جدوجہد کی سزا دینا ہے جو وہ جیل میں فلسطینی اسیران کے حقوق کے لیے کر رہے ہیں۔ پرزنرز سٹڈیز سنٹر کے ڈائریکٹر فواد خفش نے کہا ہے کہ صہیونی حکام نے رافت ناصیف کو دھمکی دی ہے کہ انہیں ایک جیل میں زیادہ دیر نہیں رکھا جائے گا تا کہ وہ اسیران کو اپنے حقوق لینے کے لیے ہڑتالوں اور احتجاج پر نہ ابھار سکیں۔ فواد خفش نے ذکر کیا کہ فلسطینی اسیران نے رافت ناصیف کی قیادت میں مجدد جیل میں احتجاجات کا سلسلہ شروع کیا جس کے ذریعے وہ کچھ مطالبات منوانے میں کامیاب ہو گئے۔ اس کے بعد اسرائیلی جیل حکام نے ناصیف رافت کو مرکزی جیل عوفر منتقل کیا اور انہیں دو ہفتے تک قید تنہائی میں رکھا گیا بعد میں انہیں بئر السبع میں واقع ایشل جیل منتقل کر دیا گیا۔