مقبوضہ بیت المقدس میں اسرائیلی حکومت کی جانب سے کھدائی کی کارروائیوں سے مختلف جگہوں پر زمین دھنس گئی۔ پرانے شہر کے خان الزیت دروازے کے گیٹ پر زمین ایک میٹر اندر دھنس گئی، جس کی وجہ علاقے میں کھدائی کا عمل ہے۔ مسجد اقصیٰ کے خطیب الشیخ عکرمہ صبری نے ایک بیان میں کہا ہے کہ زمین کے دھنسنے کا یہ واقعہ اسرائیلی حکومت کی جانب سے علاقے میں جاری کھدائی کی کارروائیاں ہیں جو وہ مختلف بہانوں سے کررہی ہے۔ عکرمہ صبری نے کہا کہ پرانے شہر کی عمارتیں بہت پرانی ہیں جو کھدائی کی کارروائیوں کی متحمل نہیں ہوسکتیں۔ انہوں نے کہا کہ وہ اس طرح کی کارروائیوں سے اسرائیلی حکومت کو پہلے ہی متنبہ کرچکے ہیں لیکن صہیونی حکومت پرانے شہر میں کھدائی کا عمل جاری رکھے ہوئے ہے۔ بین الاقوامی برادری کو اس سلسلے میں مداخلت کرتے ہوئے اسرائیل پر سفارتی، تجارتی، اقتصادی اور ہر طرح کا دباؤ ڈالنا چاہیے۔