فلسطینی حکومت کے وزیر برائے انصاف محمد الغول نے کہا ہے کہ فلسطینی عوام کو اپنی سرزمین کو آزاد کرانے کیلئے مزاحمت کا حق ہے اور حکومت اس جدوجہد کو نہ صرف جائز بلکہ اسکی پشت بانی بھی کر رہی ہے۔ محمد الغول نے اتوار کو مرکز اطلاعات فلسطین سے گفتگو کرتے ہوئے ان اطلاعات کی سختی سے تردید کی جن میں کہا گیا تھا کہ فلسطینی حکومت نے اسرائیلیوں کے مرنے پر افسوس کا اظہار کیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ اسرائیلی فورسز دونوں طرف کے لوگوں کے مرنے مارنے کی ذمہ دار ہے کیونکہ فلسطینی ایک دفاعی جنگ لڑ رہے تھے جو اسرائیل نے ان پر تھونپی تھی۔ محمد الغول نے کہا کہ گولڈ سٹون رپورٹ میں اسرائیل کے 36 جنگی جرائم کو بے نقاب کیا گیا ہے۔ وزیر انصاف نے کہا کہ جج رچرڈ گولڈ سٹون نے ان حقائق کو اس جنگ سے متاثرہ لوگوں سے گفتگو کرتے ہوئے اور پھر مختلف ذرائع سے تصدیق کے بعد رپورٹ میں شامل کر دیا۔