غزہ میں اسلامی تحریک مزاحمت (حماس) کے عسکری ونگ القسام بریگیڈ کے کمانڈر کوٹارگٹ کلنگ کا نشانہ بنایا گیا تاہم وہ محفوظ رہے۔ فلسطینی سیکیورٹی ذرائع کے مطابق القسام کمانڈر عطیہ ابونقیرہ رفح کے مقام سے اپنی گاڑی پر جا رہے تھے کہ اچانک سڑک کے کنارے پر نصب بم دھماکے سے پھٹ گیا، جس سے ان کی گاڑی کو معمولی نقصان پہنچا تاہم وہ خود مکمل طور پر محفوظ رہے۔ واقعے کے بعد پولیس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں نے دھماکے کی تحقیقات کے لیے جائے وقوعہ سے ثبوت جمع کرنا شروع کردیے ہیں، خیال کیا جا رہا ہے کہ یہ دھماکہ غزہ میں تخریب کاری کی ایک کوشش ہے، غزہ میں امن دشمن عناصر ماضی بھی اس نوعیت کی کارروائیاں کرتے رہے ہیں، تاہم حملے میں اسرائیلی ہاتھ کو بھی نظرانداز نہیں کیا جا سکتا۔ عطیہ ابو نقیرہ القسام بریگیڈ کے جنوبی غزہ میں فیلڈ کمانڈر ہیں۔ انہیں ماضی میں بھی اسرائیلی فوج کی جانب سے ٹارگٹ کرنے کی کوشش کی جا چکی ہے تاہم وہ اب تک ہونے والے تمام حملوں میں محفوظ رہے ہیں۔