روسی وزیر خارجہ سیرگی لافروف نے اسرائیل کی جانب سے مقبوضہ بیت المقدس میں یہودی آبادکاری ختم کرنے کو مسترد کیے جانے کی وجہ سے مشرق وسطی میں کشیدہ حالات پر تشویش کا اظہار کیا ہے- سیرگی لافروف نے نیکارگوا کے دارالحکومت ماناگوا میں میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مشرق وسطی میں تنازعہ خیر شگونی کی علامت نہیں- قابل افسوس امر ہے کہ اسرائیلی حکومت نے یہودی آبادکاری روکنے کے حوالے سے جن اقدامات کا اعلان کیا ہے وہ ناکافی ہیں- البتہ یہ صحیح رخ کی طرف ایک قدم ہے- خبر رساں ایجنسی ریانووستی نے روسی وزیر خارجہ کا بیان نقل کیا ہے کہ مقبوضہ بیت المقدس میں اسرائیل کی جانب سے یہودی آبادکاری کے خاتمے کو مسترد کرنا باعث تشویش ہے جبکہ وہاں پر نسلی باڑ کی تعمیر بھی جاری ہے جس کو ختم کرنا بہت مشکل ہو گا- سیرگی لافروف نے صہیونی اقدامات کو ان فیصلوں کی خلاف ورزی قرار دیا جو اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل نے اس سلسلے میں کیے ہیں- انہوں نے اس حوالے سے بین الاقوامی چار رکنی کمیٹی کے اجلاس کے انعقاد پر بھی زور دیا جو روس، امریکا، یورپی یونین اور اقوام متحدہ پر مشتمل ہے-