فلسطینی وزیراعظم اسماعیل ھنیہ نے لبنانی صدر میچل سلیمان سے فون پر طیارے کے حادثے میں ہونے والے جانی نقصان پر تعزیت کی اور حادثے پر گہرے دکھ کا اظہار کیا۔ منگل کے روز اسماعیل ھنیہ نے لبنانی صدر سے ٹیلیفونک گفتگو کرے ہوئٓے کہا کہ فلسطینی عوام اور حکومت لبنانی قوم کے غم میں برابر کی شریک ہیں اور اس مشکل کی گھڑی کو فلسطینی اور لبنانی عوام کے لیے برابر سمجھتے ہیں۔ بعد ازاں اسماعیل ھنیہ نے اپنے لبنانی ہم منصب سعد حریری اور اسپیکر نبی بری سے بھی فون پر بات چیت کی اور ان سے فلسطینی حکومت، حماس اور پوری قوم کی جانب سے ہمدردی کا اظہار کیا۔ واضح رہے کہ پیر کے روز لبنان کے حریری ایئرپورٹ سے ایتھوپیا کا ایک طیارہ رن وے سے اٹھنے کے چند ہی منٹ بعد حادثے کا شکار ہو گیا۔ حادثہ اس وقت پیش آیا جب طیارہ لبنان کے ساحل کے قریب سمندر میں گر کر تباہ ہو گیا، طیارے میں عملے سمیت ایک سو کے قریب افراد سوار تھے۔