فلسطینی حکومت کے زیر اہتمام حکومتی کمیٹی برائے انسداد معاشی ناکہ بندی نے اعلان کیا ہے کہ آئندہ مارچ کے آخر میں یونان سے ایک بڑا امدادی قافلہ بحری بیڑے کی صورت میں غزہ آئے گا، اس بحری بیڑے میں بیس بحری مالی بردار جہاز شامل ہوں گے۔ حکومتی کمیٹی کی جانب سے جانب جاری ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ یورپ کے مختلف ممالک میں بحری بیڑے میں غزہ لے جانے کے لیے امدادی سامان جمع کرنے کی تیاریاں جاری ہیں، اس حوالے سے یورپ میں فلسطینی شہریوں اور وہاں کی انسانی حقوق کمیٹیوں کی جانب سے سرگرمیوں میں تیزی آ رہی ہے۔ امدادی سامان میں ادویات، اشیائے خوردونوش، کپڑے، تعمیرات کا سامان اور اسٹیشنری شامل ہے۔ بحری بیڑے میں دیگر بحری جہاز ترکی، یونان، سویڈن، اٹلی اور دیگرممالک سے شامل ہوں گے۔ قافلے کے ہمراہ یورپ میں انسانی حقوق کی تنظیموں کے اراکین، پارلیمنٹیرینز اور دیگر اعلیٰ شخصیات شریک ہوں گی۔