مقبوضہ بیت المقدس کے علاقے”شیخ جراح” میں یہودی آباد کاروں نے حملہ کر کے کم از کم چار فلسطینیوں کو شدید زخمی کر دیا ہے، زخمیوں میں ایک بچہ اور دو خواتین بھی شامل ہیں۔ تفصیلات کے مطابق قابض یہودی آباد کاروں نے جمعہ کی شام شیخ جراح کے علاقے میں داخل ہو کر شہریوں کو گھروں میں زد و کوب کیا، یہودیوں کی طرف سے یہ حملہ ایک ایسے وقت میں کیا گیا جب اس سے کچھ ہی دیر قبل اسرائیلی فوج نے شیخ جراح کے متاثرین کے ساتھ اظہار یکجہتی کےلیے انسانی حقوق کے مندوبین کے ایک احتجاجی مظاہرے کو کچل دیا تھا۔ یہودی آباد کاروں نے حملے کے دوران گھروں پر پھتر پھینکے اور بڑی تعداد میں قیمتی چیزوں کی توڑ پھوڑ کی۔ زخمیوں کو بیت المقدس کے ایک مقامی ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں ان کی حالت خطرے سے باہر بیان کی جاتی ہے۔ عینی شاہدین کے مطابق یہودی آباد کاروں نے یہ حملہ پولیس اور فوج کی موجودگی میں کیا، پولیس کی بڑی تعداد کچھ فاصلے پرموجود یہویوں کی غنڈہ گردی کا تماشا دیکھتی رہی۔ اس سے قبل انسانی حقوق کی تنظیموں اور مقامی شہریوں نے اسرائیلی بلدیہ کی جانب سے فلسطینی شہریوں کے غیر قانونی طور پر مکانات گرائے جانے کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا، مظاہرے میں سینکڑوں افراد نے شرکت کی۔ پولیس نے مظاہرین پر لاٹھی چارج کیا اور شہریوں کو احتجاج سے روک دیا۔