فلسطینی مجلس قانون ساز کے اسپیکر ڈاکٹر عزیز دویک نے کہا ہے کہ ان کی رہائی کے بعد سے اب تک اسرائیلی میڈیا انہیں بدنام کرنے کے لیے ان کے خلاف پروپیگنڈہ جاری رکھے ہوئے ہے۔
رام اللہ میں ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ مجلس قانون ساز کے اسپیکر کی حیثیت سے وہ ملکی اور غیر ملکی حکومتی اراکین سے ملنا اپنا قانونی فرض سمجھتے ہیں، ان سے ملاقات کرنے والوں میں عرب ممالک کے مندوبین، یورپی یونین کے اراکین اور اور مقامی سطح کے وفود بھی شریک ہوتے ہیں، تاہم ان کی آج تک کسی اسرائیلی لیڈر سے نہ تو ملاقات ہوئی ہے اور نہ آئندہ ہوگی، اسرائیل خبر رساں ادارے ان کے خلاف زہریلا پروپیگنڈہ کر کے انہیں بدنام کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔
ڈاکٹر عزیز دویک نے اسرائیلی اخبار میں اپنے نام شائع ہونے والے اس بیان کو قطعی بے بنیاد قرار دیا جس میں کہا گیا تھا کہ ڈاکٹر عزیز دویک اسرائیل کو تسلیم کرنے کا اعلان کر چکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اسرائیلی اخبارات میں شائع ہونے والے جھوٹ تبصرہ کرنے کے قابل نہیں، یہ سلسلہ ماضی میں بھی چلتا رہا ہے، جس کی کوئی پرواہ کرنے کی ضرورت نہیں۔
واضح رہے کہ اسرائیلی اخبار”یروشلم پوسٹ” نے ڈاکٹر عزیز دویک کے نام منسوب ایک بیان میں کہا تھا کہ حماس نے اسرائیل کوتسلیم کرلیا ہے، اور اسرائیل کو ختم کرنے کا عہد ترک کر دیا ہے۔ دوسری جانب حماس نے بھی اس بیان کو بے بنیاد قرار دیتے ہوئے اسے حماس کے خلاف جاری پروپیگنڈے کا حصہ قرار دیا۔