فلسطینی ٹریڈ یونین اتحاد نے مصری حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ غزہ اور مصری سرحد پر فولادی دیوار تعمیرکرنا بند کرے کیونکہ مصر کی سلامتی کو اصل خطرہ فلسطینیوں سے نہیں بلکہ اسرائیل سے ہے۔ ان خیالات کا اظہار ٹریڈ یونین اتحاد کے نمائندے محمود الرنتیسی نے پیر کے روز مصر اورفلسطینی سرحد کے قریب ایک احتجاجی دھرنے سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ غزہ میں لوگ اگر بھوک اور گھٹن کا شکار ہیں تو اس کی وجہ یہی ہے کہ انہیں ہر طرف سے محاصرے میں رکھا گیا ہے۔ جناب الرنتیسی کا کہنا تھاکہ مصری حکومت کا دیوار بنانے کا فیصلہ عملاََ فلسطینیوں کو خاموشی سے قتل کرنے مترادف ہے۔ محمود الرنتیسی نے اقوام متحدہ کے جنرل سیکرٹی بان کی مون سے اس معاملے میں فوری مداخلت کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ وہ مصر کو عالمی قوانین کی پاسداری کرنے پر مجبور کریں اور قاہرہ کو دیوار تعمیر کرنے سے روک لیں۔ ادھر ٹریڈ یونین اتحاد نے رفح کے علاقے میں ایک آرٹ نمائش کا اہتمام کیا جس میں مصوری کے ذریعے غزہ کے عوام کے مسائل و مشکلات اور ان پر ہونے والی زیادتیوں کو پینٹنگز کی شکل میں نمایاں کیا گیا۔