کراچی (فلسطین نیوز۔مرکز اطلاعات) فلسطین فاؤنڈیشن پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل صابر ابو مریم نے کہا ہے کہ فلسطین فاؤنڈیشن پاکستان کا قیام در اصل بابائے قوم قائد اعظم محمد علی جناح کے نظریات و افکار کی ترجمانی کا منہ بولتا ثبوت ہے، ان خیالات کا اظہار انہوں نے 26دسمبر کو آرٹس کونسل کراچی میں نیشنل اسمبلی آف پاکستان فار یوتھ کے تحت بابائے قومی کی ایک سو
بیالیسویں سالگرہ کے موقع پر منعقدہ سیمینا ر سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ سیمینار سے نیپ کے چیئر مین آغا شیرازی، آرٹس کونسل کے صدر محمد احمد شاہ، جسٹس ڈیموکریٹک پارٹی کے نائب صدر انور بلوچ، عبدانی فاؤنڈیشن کے چیئر مین عبد المجید عبدانی، عمران خالق، نیپ کی بانی رکن عابدہ بشیر، معروف اینکر پرسن بلال خان، افشاں اسرار، واسط علی، شیخ احسن، جناح کے سپاہی نامی تنظیم کے شرجیل بیگ اور دیگر نے بھی خطاب کیا جبکہ اس موقع پر سلطانہ صدیقی، محمد نبیل سمیت دیگر بھی موجود تھے۔
فلسطین نیوز کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق فلسطین فاؤنڈیشن پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل صابر ابو مریم نے نیشنل اسمبلی آف پاکستان برائے یوتھ کے تمام اراکین کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ بابائے قوم کے افکار کو زندہ رکھنے کے لئے ان کی سالگرہ کے موقع پر اس طرح کے سیمینار کا انعقاد یقیناًقابل ستائش عمل ہے، انہوں نے شرکاء کو فلسطین فاؤنڈیشن پاکستا ن کے قیام کے مقاصد بتاتے ہوئے کہا کہ بابائے قوم نے قیام پاکستان سے قبل اور قیام پاکستان کے بعد ہمیشہ فلسطین کاز کی حمایت جاری رکھی اور فلسطین پر ہونے والے غاصبانہ صیہونی تسلط کو ہمیشہ ناجائز قرار دیا اور کہا کہ اسرائیل ایک جعلی ریاست ہے ، پس فلسطین فاؤنڈیشن کا قیام در اصل بابائے قوم کے انہی نظریات و افکارکو زندہ رکھنے اور اس کی ترجمانی کرنے کے لئے قائد کے بتائے ہوئے راستوں پر گامزن ہے اور نیشنل اسمبلی آف پاکستان برائے یوتھ کا قیام بھی قائد کے افکار و نظریات کی ترجمانی کا ایک نمونہ ہے جسے خراج تحسین پیش کرتے ہیں