کراچی (فلسطین نیوز۔مرکز اطلاعات) فلسطین فاؤنڈیشن پاکستان کے تحت کراچی میں جماعت اسلامی کے القدس ملین مارچ میں ’’القدس فلسطین کا دارلحکومت ‘‘ تصویری نمائش کا انعقاد اتوار17دسمبر کو حسن اسکوائر کراچی پر کیا گیا جس میں ہزاروں افراد نے تصویری نمائش کا معائنہ کیا اور فلسطین میں ہونے والے صیہونی جارحانہ ظلم و تشد دکی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے مظلوم فلسطینیوں کی حمایت اور غاصب صیہونی ریاست اسرائیل کے خلاف جد وجہد جاری رکھنے کا عزم کیا۔
فلسطین نیوز کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق کراچی میں منعقدہ القدس ملین مارچ کے دوران فلسطین فاؤنڈیشن پاکستان کے تحت لگائی گئی تصویری نمائش بعنوان ’’ القدس فلسطین کا دارلحکومت ‘‘ میں سیاسی و مذہبی جماعتوں کے رہنماؤں سمیت پاکستان میں مقیم فلسطینی طلباء نے بھی شرکت کی اور تصویری نمائش کے انعقاد پر فلسطین فاؤنڈیشن پاکستان کو خراج تحسین پیش کیا، اس موقع پر القدس ملین مارچ کے ہزاروں شرکاء نے القدس فلسطین کا دارلحکومت کے عنوان پر لگائی گئی تصویری نمائش کا مشاہدہ کیا اور فلسطین کاز کی حمایت جاری رکھنے پر فلسطین فاؤنڈیشن کے کردارکو سراہا۔واضح رہے کہ تصویری نمائش میں فلسطین میں ہونے والے صیہونی مظالم کو آشکار کیا گیا تھا جبکہ تحریک آزادئ فلسطین کے شہداء شیخ احمد یاسین، عماد مغنیہ، عزالدین القسام، عبد العزیز رنتیسی، فتحی شقاقی، سمیر قنطا ر سمیت اشرقت قنطانی کی تصاویر بھی آویزاں کی گئی تھیں۔
واضح رہے کہ جماعت اسلامی کی اپیل پر کراچی میں القدس ملین مارچ امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ کے اس بیان کی مذمت میں کیا گیا ہے کہ جس میں ٹرمپ نے فلسطین کے یروشلم کو غاصب صیہونی ریاست اسرائیل کا دارلحکومت بنانے کا اعلان کیا تھا جس کے بعد دنیا بھر میں مسلمانوں اور عیسائیوں سمیت انسانی حقوق کے اداروں کی جانب سے مسلسل احتجاج جاری ہے۔
Â