اسرائیلی ریڈیو نے دعویٰ کیا ہےکہ مغربی کنارے میں سرگرم صدر محمود عباس کے زیر کمانڈ فورسز نے القسام بریگیڈ کے ایک اہم کمانڈر کوگرفتار کر لیا ہے۔ ریڈیو رپورٹ کے مطابق عباس ملیشیا نے الخلیل میں سرچ آپریشن کے دوران ایک مکان کی تلاشی شروع کی تو اس دوران وہاں پر موجود مسلح افراد نے مزاحمت کی، جس پر دونوں اطراف سے فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔ اس دوران عباس ملیشیا نے جھڑپ کے بعد وہاں پر موجود اسلامی تحریک مزاحمت (حماس) کے عسکری ونگ القسام بریگیڈ کے اہم کمانڈر ایوب القواسمہ کو گرفتار کر لیا، گرفتار کمانڈر اسرائیلی فوج کو بھی طویل عرصے سے مطلوب تھا۔ عینی شاہدین کے مطابق عباس ملیشیا نے ہفتہ کی شب الخلیل میں یونیورسٹی کالونی میں رات گئے سرچ آپریشن کیا۔ اس دوران خواتین اور بچوں کو بھی ہراساں کیا گیا۔ عباس ملیشیا نے الخلیل یونیورسٹی کے ہاسٹلز میں بھی چھاپے ماے اور طلبہ اور دیگر عملے کو تشدد کا نشانہ بنایا۔ اس دوران کئی افراد کو گرفتار بھی کر لیا گیا جنہیں بعد ازاں رہا کر دیا۔