غزہ میں ناکہ بندی کے خاتمہ اور امدادی وفود کی استقبالیہ کمیٹی نے کہاہے کہ غیر ملکی امدادی قافلوں نے فلسطینیوں کی مشکلات میں کمی اور اسرائیلی جرائم کو بے نقاب کرنے میں اہم کردار ادا کیا ہے- ’’حکومتی کمیٹی برائے انسداد ناکہ بندی استقبالیہ وفود ‘‘ کی طرف سے جاری رپورٹ میں کہاگیاہے کہ گزشتہ برس 2009ء میں خشکی کے راستے پانچ غیرملکی امدادی قافلے اور وفود غزہ آئے- جن میں 721غیر ملکی کارکن تھے، وہ اپنے ہمراہ غذائی اشیاء ،ادویات ،طبی آلات معذوروں کے لئے الیکٹرانک وہیل چیئر ز اور دیگر ضروری اشیاء کے سینکڑوں ٹرک اپنے ہمراہ لائے – غزہ آنے والے قافلوں میں برطانوی قافلہ ’’شہ رگ زندگی ‘‘، لیبیا کا قافلہ فلسطین زندہ باد ،یورپی قافلہ ’’امید ‘‘ ’’شہ رگ زندگی 2‘‘ اور قافلہ ’’ابتسام‘‘ شامل ہیں- پہلاقافلہ مارچ ، دوسرا اپریل ،تیرہ مئی ،چوتھا جولائی اور پانچواں نومبر2009ء میں غزہ پہنچا-