مغربی کنارے کے شہر طولکرم میں فلسطینی صدر محمود عباس کے زیر کمانڈ سیکیورٹی فورسز نے سرچ آپریشن اور کریک ڈاؤن میں جہاد اسلامی کے تین اور حماس کے ایک کارکن کو گرفتار کر لیا۔ مرکز اطلاعات فلسطین کے ذرائع کے مطابق عباس ملیشیا نے منگل کے روز طولکرم میں مختلف مقامات پر تلاشی کے دوران گھروں میں گھس کر خواتین اور بچوں کو زدو کوب کیا۔ اس دوران سرچ آپریشن میں جہاد اسلامی سے تعلق رکھنے والے تین جبکہ اسلامی تحریک مزاحمت (حماس) کے ایک کارکن کو حراست میں لے کو تفتیش کے لیے نامعلوم مقام پر منتقل کردیا۔ مغربی کنارے کے شہروں طولکرم، نابلس، سلفیٹ، الخلیل اور قلیقلیہ میں عباس ملیشیا کی جانب سے کریک ڈاؤن کا سلسلہ جاری ہے جس میں گذشتہ ایک برس کے دوران اب تک کم ازکم ایک ہزار افراد کو جیلوں میں ڈال دیا گیا ہے۔ دوسری جانب اسلامی تحریک مزاحمت (حماس) اور جہاد اسلامی نے عباس ملیشیا کے کریک ڈاؤن کی شدید مذمت کرتے ہوئے گرفتاریوں کا باب بند کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔