اسلامی تحریک مزاحمت (حماس)کے پولٹ بیورو کے چیئرمین خالد مشعل کی سربراہی میں حماس کے وفد نے کویت کے امیر الشیخ صباح احمد الجابر الصباح سے ملاقات کی۔ حماس کے رہنما عزت رشق کے مطابق ملاقات میں مسئلہ فلسطین میں پیش رفت کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا بالخصوص اسرائیلی جارحیت کو زیربحث لایا گیا جس کے باعث سولہ لاکھ فلسطینی مشکلات کا شکار ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ ملاقات میں مقبوضہ بیت المقدس کو یہودیانے کے حوالے سے بات چیت کی گئی۔عزت رشق کے مطابق خالد مشعل نے امیر کویت کو فلسطینی مفاہمت کے متعلق حماس کی کوششوں سے آگاہ کیا۔ امیر کویت نے مسئلہ فلسطین کے متعلق کویت کی حمایت کا اعادہ کیا۔ انہوں نے واضح کیا کہ فلسطینی عوام اور آزاد فلسطینی ریاست کے قیام کیلئے کویت کی حمایت اور امداد جاری رہے گی