اسلامی تحریک مزاحمت (حماس) نے کہا ہے کہ اسرائیل کی جانب سے غزہ پر آئے روز کیے جانے والے حملے غزہ کا امن تباہ کرنے کے لیے ہیں، تاہم اسرائیل جارحیت اور دہشت گردی سےفلسطینی عوام کے عزم اور تحریک آزادی کو نہیں دبا سکتے۔ اتوار کے روز غزہ میں حماس کے ترجمان سامی ابو زھری نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ ہفتے اور اتوار کی درمیانی شب اسرائیل کی غزہ میں دراندازی کے دوران تین فلسطینی شہریوں کی شہادت اس امر کا ثبوت ہے کہ اسرائیل کی جارحیت میں تیزی آ رہی ہے، تاہم صہیونی جارحیت میں تیزی فلسطینی عوام کے عزم کو شکست نہیں دے سکتی۔ اسرائیل اس خام خیالی میں نہ رہے کہ وہ طاقت کے زور پرفلسطینی عوام کو گھٹنے ٹیکنے پر مجبور کرے گا۔ غزہ میں جاری اسرائیلی ریاستی دہشت گردی اور اس پرعالمی خاموشی پر شدید تنقید کی اور کہا کہ غزہ کی موجودہ صورت حال پرعالمی برادری ذمہ دار ہے، غزہ کا امن تباہ ہوا تو دنیا کو اس کا حساب دینا ہوگا۔