اسلامی تحریک مزاحمت (حماس) کے سیاسی شعبے کے سربراہ خالد مشعل رواں ہفتے کویت کے دو روزہ دورے پر جائیں گے، اپنے اس دورے کے دوران وہ کویتی حکام کے ساتھ ہونے والی ملاقاتوں میں فلسطین کی موجودہ صورت حال سمیت حماس کے عرب راہنماؤں کے ساتھ ہونے والے روابط سے انہیں آگاہ کریں گے۔ کویت کی ایک سرکاری نیوز ایجنسی کے مطابق خالد مشعل کا دورہ حماس کی قیادت کا عرب ممالک کے حالیہ دورے کے تسلسل کا حصہ ہے، اس سے قبل خالد مشعل کی قیادت میں حماس کا وفد سعودی عرب، شام، ایران، یمن، لیبیا اور دیگر ممالک کا دورہ کر چکا ہے۔ دوسری جانب حماس کے ذرائع نے خالد مشعل کے دورہ کویت کی تیاریوں کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ خالد مشعل ایک اعلیٰ سطح کے وفد کے ہمرام رواں ہفتے کےآخر میں کویت جائیں گے جہاں وہ کویتی عوام سے فلسطین کی موجودہ صورت حال، غزہ کی معاشی ناکہ بندی ، فلسطینی جماعتوں کے درمیان ہونے والی مفاہمت کی کوششوں اور عرب ممالک کے اسرائیل کے ساتھ امن عمل کی ناکامی کے موضوعات پر تفصیل سے تبادلہ خیال کیا جاتا ہے۔