مغربی کنارے میں عباس ملیشیا کی جانب سے اسلامی تحریک مزاحمت (حماس) کے خلاف کارروائیاں جاری ہیں- گزشتہ روز فلسطینی صدر محمود عباس کو براہ راست جوابدہ سیکیورٹی فورسز نے حماس کے گیارہ کارکنوں کو اغوا کیا- یہ کارروائیاں نابلس، قلقیلیہ، الخلیل اور جنین میں کی گئیں- اغوا کیے گئے افراد میں فلسطینی مجلس قانون ساز کے رکن داؤد ابو سیر کے بھائی ایمن ابو سیر بھی شامل ہیں- وہ قبل ازیں ایک سال تک عباس ملیشیا کی جیلوں میں قید و بند کی صعوبتیں برداشت کر چکے ہیں- انہیں حال ہی میں رہا کیا گیا تھا- دوسری جانب حماس کے کارکنوں کو گرفتار کرنے کا اسرائیلی فوج اور عباس ملیشیا کے درمیان تبادلہ بھی جاری ہے- قابض اسرائیلی فوج نے فلسطینی اتھارٹی کی جیلوں سے رہائی پانے والے حماس کے کارکن عبد المجید نظمی کو اغوا کرلیا- ان کا تعلق مقبوضہ بیت المقدس کے بدو ٹاؤن سے ہے-