اخوان المسلمون کے مرشد عام محمد مہدی عاکف نے عرب ممالک کے حکمرانوں کے نام کھلے خط میں مسئلہ فلسطین کے حوالے سے ان کے کمزور مؤقف کی مذمت کی گئی ہے- محمد مہدی عاکف نے کہا ہے کہ مسلمان حکمرانوں کا مؤقف ان کے عوام کے مفادات سے کنارہ کشی پر مبنی ہے اور ان کے افعال علاقے کے مستقبل کے لیے خطرہ ہیں- مہدی عاکف نے ’’غزہ کی ناکہ بندی ختم کرو‘‘ کے عنوان سے اپنے پیغام میں کہا ہے کہ آج سب سے اہم فریضہ غزہ کی ناکہ بندی ختم کرانا، اسرائیل کے خلاف فلسطینی اتحاد، فلسطینی عوام کی امداد، بیت المقدس کو یہودیانے کے خلاف متحرک ہونا اور مسجد اقصی کی حفاظت ہے- مہدی عاکف نے مزید کہا کہ اسرائیل کے خلاف فلسطینی مزاحمت کو مضبوط کرنا، امریکی ڈکٹیشن کو مسترد کرنا اور بے فائدہ تجویزوں کو نظر انداز کرنا بھی وقت کی اہم ضرورت ہے- حکمرانوں کو جر أ ت مندی کا مظاہرہ کرتے ہوئے امریکہ پر واضح کردینا چاہیے کہ بے سود مذاکرات جاری نہیں رکھے جاسکتے جن کا کوئی سرا ہی نہیں-