فلسطینی مجلس قانون ساز کے سپیکر عزیز دویک نے کہا ہے کہ فلسطینی عوام اپنے مسئلہ پر کوئی سمجھوتہ نہیں کریں گے- امام حسن البناء شہید پہلے وہ شخص ہیں جنہوں نے مسئلہ فلسطین کے حوالے سے دلچسپی لی- اخوان المسلمون مسئلہ فلسطین کی دفاعی فرنٹ لائن ہے- ان خیالات کا اظہار انہوں نے مصر میں ڈاکٹرز ایسوسی ایشنز کے اجتماع سے ٹیلی فونک خطاب میں کیا- اجتماع کا انعقاد غزہ کی ناکہ بندی کے خاتمے کے مطالبے اور غزہ سرحد پر زیر زمین مصری فولادی تعمیر کے خلاف احتجاج کے لیے کیا گیا- اس موقع پر اخوان المسلمون کے مکتب ارشاد کے رکن ڈاکٹر محمد مرسی نے کہا کہ غزہ اسلامی پروگرام کی علامت بن چکاہے- انہوں نے کہا کہ مسلمان حکمرانوں کو دشمنوں کو پہچاننا چاہیے- عوام اپنے دشمنوں کو پہچانتے ہیں وہ جانتے ہیں کہ ان کی دشمن حماس نہیں امریکا اور اسرائیل ہے- سابق مصری صدر انور سادات کا اعتراف ہے کہ امریکا ہی نے 73 کی جنگ میں مصر کے خلاف اسرائیل کی مدد کی- مزاحمت ہی ہے جس نے اسرائیل کو مذاکرات پر مجبور کیا-