معروف مذہبی اسکالر اور اردن یونیورسٹی میں شریعت فیکلٹی کےسابق ڈین علامہ ڈاکٹر ابراھیم الکیلانی نے غزہ کے گرد مصر کی جانب سے تعمیر کی جانے والی زیرزمین آہنی باڑ کو اسلامی تعلیمات کے خلاف قرار دیا ہے۔ منگل کے روز عمان میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ادوویات اور اشیائے خوردنوش بند کرنا انسانیت کے خلاف سنگین جرم اور اللہ کے ہاں گناہ کبیرہ ہے، ایسا کوئی بھی اقدام جو انسانوں کو بھوک اور افلاس میں مبتلا کرنے کا باعث بنے ایک سنگین جرم ہے جو اللہ اور اس کے رسول صلی اللہ علیہ وسلم کے ساتھ خیانت ہے۔ انہوں نے کہا کہ فولادی دیوار کی تعمیر سے یہودیوں کی حمایت کے ساتھ ساتھ ظلم کے ساتھ تعاون ہو رہا ہے جبکہ مظلوم شہریوں کو ان کی بنیادی ضروریات سے بھی محروم کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ تمام مسلمانوں کو آہنی دیوار کی تعمیر کی نہ صرف مخالفت کرنے چاہیے بلکہ اس کی روک تھام کے لیے کوششیں تیز کرنا چاہئیں۔ شیخ کیلانی نے جامعہ ازھر کی جانب دیوار کی حمایت میں جاری کیےگئے فتوے کی شدید مذمت کرتے ہوئے اسے حقائق کےمنافی اقدام قرار دیا۔ انہوں نے قرآن و سنت کی روشنی میں واضح کیا کہ یہودیوں کے ساتھ دوستی اسلام کے خلاف ہے کیونکہ قرآن کہتا ہے کہ “اے ایمان والو! یہود و نصاریٰ کو اپنا دوست نہ بناؤ، وہ ایک دوسرے کے دوست ہیں۔ تم میں سے جو ان کے ساتھ دوستی رکھے گا وہ بھی انہیں میں سے ہو گا۔، بے شک اللہ تعالیٰ ظالم قوم کو ہدایت نہیں دیتا”۔