فلسطینی آئینی حکومت کے وزیر برائے امور اسیران انجینئر وصفی قبھا نے فلسطینی اسیر کمانڈر جمال ابو ھیجا کے اہل خانہ کیخلاف عباس ملیشیا کی کارروائیوں کو افسوسناک قرار دیا ہے- انہوں نے کہا کہ اسرائیلی عقوبت خانوں میں آٹھ سال سے زائد عرصے سے قید مجاہد کے بیٹے کو گرفتار کرنا فلسطینی عوام کے جہاد اور جدوجہد سے مذاق اور اسے بے حیثیت کرنا ہے- انہوں نے مزید کہا کہ عباس ملیشیا قومی وقار سے کھیل رہی ہے- واضح رہے کہ فلسطینی صدر محمود عباس کو براہ راست جوابدہ سیکیورٹ فورسز نے فلسطینی مجاہد جمال ابو ھیجاکے بیٹے کو اغوا کیا اور ان کی اہلیہ کو سیکیورٹی فورسز کے دفتر طلب کر کے پوچھ گوچھ کی- جمال ابو ھیجا گزشتہ آٹھ برس سے اسرائیلی عقوبت خانو ں میں قید و بند کی صعوبتیں برداشت کر رہے ہیں-اس وقت وہ قید تنہائی کاٹ رہے ہیں- صہیونی عدالت نے انہیں نومرتبہ عمر قید کی سزا سنائی ہے-