عباس ملیشیا نے قلقیلیہ میں اسلامی تحریک مزاحمت (حماس) کے عسکری ونگ القسام بریگیڈ کے شہید کمانڈر محمد سمان کی قبر پر لگی تختی کو اکھیڑ دیا – اس تختی پر ان کے نام کے ساتھ شہید لکھاہواتھا- حماس کی اعلی کمیٹی برائے اسیران نے عباس ملیشیا کی کارروائی کو بدترین حملہ قراردیا ہے- اعلی کمیٹی برائے اسیران کی طرف سے جاری بیان میں کہاگیاہے کہ عباس ملیشیا کی کارروائی سے ظاہر ہوتاہے کہ فلسطینی اتھارٹی شہید اور مجاہد کے الفاظ کو ہر جگہ حتی کہ قبروں پر لگی تختیوں سے بھی مٹانا چاہتی ہے – بیان کے مطابق القسام بریگیڈ کے کمانڈر محمد سمان مزاحمت کے دوران شہید ہوئے – ان کی قبر کی بے حرمتی سے واضح ہوتاہے کہ امریکی نمائندے جنرل کیتھ ڈائٹن کس طرح فلسطینی اتھارٹی کے ذہنوں پر سوار ہیں حتی کہ وہ قبروں میں پڑے مردوں کو ایذا دینے کا سوچ رہے ہیں-