کراچی ( ) فلسطین فاؤنڈیشن پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل صابر ابو مریم نے وزیر اعظم پاکستان کے فلسطینیوں کی حمایت میں دئیے گئے ایک بیان کو پوری پاکستانی قوم کی امنگوں کو ترجمانی قرار دیتے ہوئے وزیر اعظم پاکستان کا شکریہ ادا کیا ہے اور کہا ہے کہ وزیر اعظم میاں محمد نواز شریف نے فلسطینیوں کی تیسری تحریک انتفاضہ کی حمایت کا اعلان کر کے ثابت کر دیا ہے کہ پاکستان کی عوام اور حکومت فلسطینیوں کے ساتھ ہیں اور غاصب صیہونی ریاست اسرائیل اور اس کے سرپرستوں سے نفرت کرتے ہیں۔
فلسطین فاؤنڈیشن پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل کاکہنا تھا کہ فلسطینی عوام کی تیسری تحریک انتفاضہ کو دو ماہ کا عرصہ بیت چکا ہے لیکن پوری مسلم امہ نے وہ کردار ادا نہیں کیا جو انہیں فلسطینیوں کی حمایت میں کرنا چاہئیے تھا تاہم اسلامی جمہوریہ پاکستان اور اسلامی جمہوریہ ایران کی جانب سے فلسطینیوں کی تحریک انتفاضہ کو حکومتی سطح پر حمایت کے اعلان سے تقویت ملے گی اور یہ تحریک فلسطینیوں کی آزادی اور قبلہ اوّل کی بازیابی کی راہ میں اہم سنگ میل ثابت ہو گی۔
واضح رہے کہ دوروز قبل وزیر اعظم پاکستان میاں محمد نواز شریف نے فلسطینی عوا م سے اظہار یکجتی کے دن کے موقع پر جاری اپنے ایک پیغام میں فلسطینی عوام کی تیسری تحریک انتفاضہ کی حمایت کا اعلان کیا تھا اور فلسطین کو فلسطینیوں کا وطن قرار دیتے ہوئے عالمی طاقتوں کی توجہ اس طرف مبذول کروائی تھی کہ فلسطین کے مسئلہ کا حل کئے بغیر دنیا میں امن قائم نہیں ہو سکتا۔