فلسطین فلسطینیوں کا ہے، فلسطین کی آزادی کا واحد حل فلسطینیوں کی اسرائیل کے خلاف مزاحمت ہے، پاکستان کے عوام فلسطینیو ں کے ساتھ ہیں۔
مظلوم فلسطینیوں کا قتل عام اور قبلہ اول پر صیہونی تسلط ، تمام سازشوں میں شیطان بزرگ امریکہ براہ راست ملوث ہے، امریکہ اسرائیل کا سرپرست اعلیٰ ہے۔
حلیم عادل شیخ ،مظفر ہاشمی،مولانا باقر زیدی، عقیل انجم، محمد اسلم غوری،فرید انصاری، مطلوب اعوان قادری، یونس بونیری،زاہدہ بھنڈ، ڈاکٹر عالیہ امام اور صابر ابو مریم کی مشترکہ پریس کانفرنس
کراچی( )فلسطینیوں کی تیسری تحریک انتفاضہ کی بھرپور حمایت کا اعلان کرتے ہیں۔مسجد اقصیٰ پر صیہونی اسرائیلی تسلط کو برداشت نہیں کیا جائے گا۔فلسطین فلسطینیوں کا ہے، فلسطین کی آزادی کا واحد حل فلسطینیوں کی اسرائیل کے خلاف مزاحمت ہے، پاکستان کے عوام فلسطینیو ں کے ساتھ ہیں۔ان خیالات کااظہار فلسطین فاؤنڈیشن پاکستا ن کے مرکزی سرپرست رہنماؤں بشمول مرکزی رہنما پاکستان مسلم لیگ (ق) حلیم عادل شیخ، سابق رکن قومی اسمبلی مظفر ہاشمی، پاکستان مسلم لیگ نوازکی رہنما محترمہ زاہدہ بھنڈ، پاکستان پیپلز پارٹی کراچی کے نائب صدر فرید انصاری، مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی رہنما مولانا باقر زیدی، جمعیت علماء پاکستان سندھ کے جنرل سیکرٹری علامہ عقیل انجم قادری ،جمعیت علمائے اسلام (ف) کے مرکزی ڈپٹی جنرل سیکرٹری محمد اسلم غوری ،آل پاکستان سنی تحریک کے سربراہ مطلوب اعوان قادری، عوامی نیشنل پارٹی سندھ کے جنرل سیکرٹری یونس بونیری، متحدہ قومی موومنٹ کے رہنما محفوظ یار خان ایڈوکیٹ، سابق ایڈوائزر برائے حکومت پاکستان محترمہ ڈاکٹر عالیہ امام، ہیومن رائٹس کمیشن آف پاکستان کے وائس چیئر مین اسد اقبال بٹ اور فلسطین فاؤنڈیشن پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل صابر ابو مریم نے مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا کہ گذشتہ دو ہفتوں میں غاصب اسرائیلی افواج اور صیہونی آباد کاروں نے ایک طرف قبلہ اول بیت المقدس کو یرغمال بنا رکھا ہے اور فلسطینیوں کو مسجد میں داخلے سے روکا ہوا ہے تو دوسری جانب صیہونی غاصب افواج نے معصوم فلسطینیوں کو آگ و خون میں غلطاں کر رکھا ہے، جس کے نتیجہ میں اب تک تیس سے زائد معصوم فلسطینی مرد و خواتین شہید جبکہ دو ہزار سے زائد زخمی ہو چکے ہیں، حد تو یہ ہے کہ انسانی حقو ق کے عالمی ادارے ہیومن رائٹس واچ کی ایک خاتون رضا کار کو بھی اسرائیلی افواج نے اپنے بہیمانہ تشدد کا نشانہ بنانے سے دریغ نہیں کیا۔انہوں نے کہا کہ مظلوم فلسطینیوں کا قتل عام اور قبلہ اول پر صیہونی تسلط ، تمام سازشوں میں شیطان بزرگ امریکہ براہ راست ملوث ہے، امریکہ اسرائیل کا سرپرست اعلیٰ ہے۔
پاکستانی سیاسی ومذہبی جماعتوں کے رہنماؤں نے حکومت پاکستان کی جانب سے اسرائیلی دہشت گردانہ اقدامات کی مذمت کو قابل تحسین قرار دیتے ہوئے کہا کہ پوری مسلم دنیا کو چاہئیے کہ عالم اسلام کے سب سے اہم ترین مسئلہ فلسطین کے لئے اپنا کردار ادا کریں ،ان کاکہنا تھا کہ حکومت پاکستان بھی عملی میدان میں آگے بڑھے اور فلسطینیوں کی تیسری تحریک انتفاضہ کی بھرپور حمایت کا اعلان کرے۔رہنماؤں نے عرب حکمرانوں کی بے حسی پر شدید تنقید کرتے ہوئے مطالبہ کیا کہ عرب اور مسلم حکمران مظلوم فلسطینیوں سے اظہار یکجہتی اور قبلہ اول کی بازیابی کے لئے اپنے ذاتی مفادات کو پس پشت ڈال دیں اور غاصب اسرائیل کے ساتھ ہر قسم کے سفارتی اور تجارتی تعلقات منقطع کر لیں۔
پاکستانی سیاسی و مذہبی رہنماؤں کاکہنا تھا کہ مسجد اقصیٰ صرف مسلمانوں کا قبلہ اول ہی نہیں بلکہ عالم اسلام کا قلب ہے اور اسرائیل ایک خنجر کی مانند ہے تاہم قبلہ اول کے خلاف اسرائیل کی کسی بھی سازش اور گھناؤنی فعل کو برداشت نہیں کیا جائے گا ، انہوں نے اقوام متحدہ سمیت عالمی برادری پر زور دیتے ہوئے کہا کہ اگر اس وقت عالمی برادری نے اپنا مثبت کردار ادا نہ کیا تو سنگین نتائج برآمد ہوں گے، رہنماؤں نے فلسطینیوں کی غاصب اسرائیل کے خلاف مزاحمت کو فلسطینی عوام کا بنیادی حق قرار دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان کے عوام فلسطینیوں کے ساتھ ہیں اور فلسطینیوں کی ہر تحریک اور بالخصوص تیسری تحریک انتفاضہ کی بھرپور حمایت کرتے ہیں۔