اقوام متحدہ فلسطین سمیت لبنان، شام، اردن، مصر کے علاقوں سے اسرائیلی غاصبانہ تسلط کا خاتمہ کرنے میں اپنا کردار ادا کرے۔
کراچی میں بس مسافروں پر ہونے والی دہشتگردانہ کاروائی میں صیہونی ایجنٹ ملوث ہیں۔
کرامت علی، صابر ابو مریم، اسد اقبال ، اعظم خان سمیت دیگر رہنماؤں کا اظہا ر خیال،شہدائے سانحہ صفورا اور زخمیوں کے لواحقین سے بھرپور اظہار یکجہتی کامظاہرہ
فلسطین فاؤنڈیشن پاکستان اور حقوق انسانی کمیشن برائے پاکستان سمیت پائیلر اور دیگر تنظیموں کے رہنماؤں کی شرکت
کراچی( )فلسطین فاؤنڈیشن پاکستا ن کے تحت غاصب اسرائیل کے ناپاک وجود کے قیام کے خلاف ’’یوم نکبہ‘‘ کی مناسبت سے جاری ’’فلسطین واپسی‘‘ مہم کے تحت فلسطین فاؤنڈیشن پاکستان(پی ایل ایف) اور ہیومن رائٹس کمیشن آف پاکستان (ایچ آر سی پی )کے زیر اہتمام فلسطینیوں کے حق میں اور فلسطین پر غاصب اسرائیلی تسلط کے خلاف کراچی پریس کلب کے باہر احتجاجی مظاہرہ کیا گیا، احتجاجی مظاہرے میں انسانی حقوق کے لئے سرگرم عمل متعدد تنظیموں کے سرکردہ رہنماؤں بشمول فلسطین فاؤنڈیشن پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل صابرابو مریم، پائیلر کے ڈائرکٹر کرامت علی، ایچ آر سی پی کے وائس چئیر مین اسد اقبال بٹ، سیکولر فورم کے منیر میمن، اعظم ملک، ایس ڈبلیو او کی رافیہ گلانی، ریلوے یونین کے مقدر زمان، پی آئی اے سکائی ویز سے شیخ مجید، ٹریڈ یونین کے جنت حسین، متحدہ لیبر فیڈریشن کے جعفر خان، ایمیٹی انٹر نیشنل کے طارق شاداب سمیت حسن اطہر اور سعید بلوچ نے شرکت کی جبکہ اس موقع پر مذہبی و سیاسی جماعتوں کے رہنماؤں میں جمعیت علماء پاکستان کے علامہ قاضی احمد نورانی صدیقی، متحدہ قومی موومنٹ کے محفوظ یار خان ایڈوکیٹ، جماعت اسلامی کراچی کے سابق امیر محمد حسین محنتی و دیگر بھی شریک ہوئے۔
شرکائے احتجاجی مظاہرہ نے ہاتھوں میں بینرز اور پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے جن پر فلسطینیوں کے فلسطین واپسی کے حقوق سمیت غاصب اسرائیل اور اس کے سرپرست عالمی استعماری قوتوں امریکہ اور برطانیہ کے خلاف نعرے آویزاں تھے جبکہ مظاہرین نے گذشتہ روز کراچی میں دہشت گردی کا نشانہ بنائے جانے والے بس مسافروں کے ساتھ اظہار یکجہتی اور ہمدردی کے لئے بھی بینرزاور پلے کارڈز اٹھا رکھے تھیم مظاہرین کاکہنا تھا کہ غاصب صیہونی ریاست اسرائیل نے نہ صرف فلسطین بلکہ پورے مغربی ایشیاء بشمول لبنان، شام، اردن، مصر، لیبیا، افغانستان، عراق اور پاکستان کو اپنی ناپاک سازشوں کا نشانہ بنا رکھا ہے اور پاکستان میں ہونے والی دہشت گردانہ کاروائیوں کے تانے بانے غاصب صیہونی ریاست اسرائیل سے ہی جا ملتے ہیں، اس موقع پر مظاہرین فلسطینیوں کے حق میں اور امریکہ و اسرائیل مخالف نعرے بھی لگا رہے تھے۔
شرکائے احتجاجی مظاہر ہ سے خطاب کرتے ہوئے مقررین کاکہنا تھا کہ اسرائیل ایک غاصب ریاست ہے کہ جس کے قیام کے روز اول سے ہی مظلوم فلسطینیوں کے بنیادی حقوق کی بری طرح سے پائمالی کا سلسلہ شروع ہوا ہے جو 67برس گذر جانے کے باوجود بھی جاری ہے انہوں نے اقوام متحدہ سمیت انسانی حقوق کے عالمی اداروں سے اپیل کی کہ فلسطین ، فلسطینیوں کا وطن تسلیم کیا جائے، آزاد فلسطینی ریاست کا قیام عمل میں لائے جایااور فلسطینیوں کے بنیادی حقوق بالخصوص حق واپسی کا تحفظ کیا جائے، فلسطین میں جاری غاصبانہ صیہونی تسلط کا خاتمہ یقینی بنایا جائے، مقبوضہ علاقوں سے اسرائیلی تسلط کو فی الفور ختم کروانے میں عالمی ادارے اپنا کردار ادا کریں، انہوں نے امریکہ اور برطانیہ سے مطالبہ کیا کہ لاکھوں بے گناہ انسانوں کی قاتل صیہونی غاصب ریاست کی سرپرستی بند کی جائے انہوں نے پاکستان کے عوام سے مطالبہ کیاکہ فلسطین کاز کی اخلاقی و سیاسی حمایت جاری رکھنے میں عوام اپنا بھرپور کردار ادا کریں۔