غزہ کی ناکہ بندی کے خاتمے کے لئے کوشاں عوامی کمیٹی نے برطانوی رکن پارلیمنٹ کی سربراہی میں غزہ کے لئے تیسرے امدادی قافلے کا خیرمقدم کیا ہے- یہ قافلہ غزہ کے لئے امدادی سامان لے کر لندن میں برطانوی پارلیمنٹ کی عمارت کے سامنے سے روانہ ہو گیا ہے- جو 27 دسمبر 2009ء کو غزہ پہنچے گا- ’’عوامی کمیٹی برائے انسداد ناکہ بندی ‘‘کے سربراہ جمال خضری نے کہا ہے کہ برطانو ی امدادی قافلے کا غزہ جنگ کے ایک سال مکمل ہونے کے موقع پر غزہ پہنچا اس بات کی دلیل ہے کہ کوئی تو ہے جس کو غزہ یاد ہے اور وہ اہلیان غزہ کے شانہ بشانہ کھڑا ہے- اس امدادی قافلے سے غزہ میں محصور فلسطینی عوام کے حوصلے بلند ہوں گے- ان کی ثابت قدمی مزید مستحکم ہوگی- جمال خضری نے غزہ سے اظہار یکجہتی کرنے والوں سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ راستے میں قافلے میں شریک ہوں اور محصور فلسطینی عوام سے اظہار یکجہتی کریں-