فلسطینی مجلس قانون ساز کے رکن اور عوامی کمیٹی برائے انسداد معاشی ناکہ بندی جمال خضری نے عرب اور اسلامی ممالک سے اپیل کی ہے کہ وہ بیت المقدس کے خلاف جاری صہیونی سازشوں کے سدباب کے لیے بجٹ مختص کریں تا کہ یہودیوں کے ناپاک عزائم کو ناکام بنایا جا سکے۔ اتوار کے روز غزہ میں اسلامی یونیورسٹی غزہ میں القدس سے متعلق منعقدہ ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اسرائیل ایک منظم منصوبہ بندی کے تحت القدس کو یہودیت میں تبدیل کرنے کی سازشیں جاری رکھے ہوئے اور وہ اس سلسلے میں تمام شعبہ ہائے زندگی پر اپنی اثرات مرتب کر رہا ہے۔ اسرائیل کی مسلسل کوشش ہے کہ وہ القدس سے اسلامی اور تاریخی عربی ثقافت کی تمام علامات کو ختم کر کے اسے مکمل طور پریہودیت کا رنگ دے تا کہ دنیا کے سامنے یہ ثابت کیا جا سکے کہ القدس پر یہودیوں کا حق ہے اور وہی اس کے حقیقی وارث ہیں۔ جمال خضری نے کہا کہ دنیا بھر میں بالخصوص عرب اور اسلامی ممالک میں القدس کے معاملے کوموثر طریقے سے اٹھانے کی ضرورت ہے تا کہ عالم اسلام کے سامنے اس مقدس شہر کو درپیش خطرات کو صحیح انداز میں پیش کیا جا سکے۔ انہوں نے عرب ممالک سے مطالبہ کیا کہ القدس کے شہریوں اور فلسطینی حکومت کی مالی مدد کریں تا کہ یہودیوں کے مذموم عزائم کو خاک میں ملایا جا سکے۔