کراچی( )فلسطین فاؤنڈیشن پاکستان کے مرکزی سر پرست رہنماؤں سابق رکن قومی اسمبلی و رہنما جماعت اسلامی مظفر احمد ہاشمی، پاکستان مسلم لیگ ن کے رہنما اظہر علی ہمدانی، مجلس وحدت مسلمین کے رہنما علامہ صادق رضا تقوی، پاکستان عوامی مسلم لیگ کے مرکزی رہنما محفوظ یار خان ایڈووکیٹ ، جمعیت
علماء پاکستان کراچی کے صدر علامہ قاضی احمد نورانی صدیقی اور فلسطین فاؤنڈیشن پاکستان کے مرکزی ترجمان صابر کربلائی نے کہا ہے کہ غاصب اسرائیل صرف اور صرف مزاحمت کی زبان سمجھتا ہے جو خود اسرائیل نے اپنے رویے سے ثابت کر دیا ہے،ان کاکہنا تھا کہ ماضی میں بھی غاصب اسرائیل نے کبھی کسی قسم کے معاہدوں کی نہ تو پاسداری کی ہے اور نہ ہی اقوام متحدہ کی قرار دادوں کا احترام کیا ہے تاہم غاصب اسرائیل نے اپنے عمل سے اس بات کو ثابت کر دیا ہے کہ صیہونی جارح اور غیر قانونی ریاست اسرائیل کا علاج صرف اور صرف فلسطینی مزاحمت میں ہی پنہاں ہے۔
فلسطین فاؤنڈیشن پاکستان کے مرکزی رہنماؤں نے گذشتہ روز غزہ میں 72گھنٹوں کے لئے ہونے والے امن معاہدے کے بارے میں بات کرتے ہوئے کہ امریکی سرپرستی میں خون خوار بھیڑئے غاصب اسرائیل نے چند گھنٹوں میں ہی امن معاہدے کی دھجیاں بکھیر دی ہیں اور ایک مرتبہ پھر غزہ کے مظلوموں پر آگ کی بارش کا سلسلہ شروع کر دیا گیا ہے، انہوں نے عالمی برادری بالخصوص امریکہ اور مغربی ممالک سمیت ان تمام عرب ممالک کے بادشاہوں کی شدید الفاظ میں مذمت کی کہ جو فلسطینی مزاحمتی تحریکوں حماس اور جہاد اسلامی سمیت دیگر مزاحمتی گروہوں کو غیر مسلح کرنے کی گھناؤنی سازشوں میں مصروف عمل ہیں۔
فلسطین فاؤنڈیشن پاکستان کے رہنماؤں نے مصری حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ امریکی کٹھ پتلی کا کردار اداد کرنے کی بجائے مشکل اور مصیبت کی اس گھڑی میں غزہ کی سرحد کو امدادی سرگرمیوں کو لئے کھول دے تا کہ دنیا بھرسے فلسطینی کاز کی حمایت میں سرگرم عمل کارکنان غزہ کی مدد کے لئے مصر پہنچ کر رفح کراسنگ سے غزہ میں داخل ہو سکیں اور غزہ کے مظلوموں کی مدد کر سکیں۔اس موقع پر رہنماؤں نے اسلامی مزاحمتی تحریکوں حماس، جہاد اسلامی فلسطین اور حزب اللہ کی بھرپور حمایت کا اعلان کیا اور پاکستان کے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ پاکستان میں موجود امریکی اور صیہونی اسرائیلی کمپنیوں کی مصنوعات کا بائیکاٹ کر دیں۔