غزہ میں فلسطینی وزارت اطلاعات و نشریات نے غاصب صہیونی کی جانب سے الخلیل میں ایک فلسطینی مضروب کو عمدا کار تلے کچلنے کی شدید مذمت کرتے ہوئے اسے فلسطینیوں کے خلاف اسرائیلی جرائم کا نیا باب قرار دیا ہے۔ وزارت اطلاعات کے مطابق اسرائیل کے سیٹلائیٹ ٹی وی چینل ٹو پر اس غیر انسانی فعل کی ویڈیو اور تصاویر صہیونی جرائم کی ناقابل تردید دلیل ہے۔ یاد رہے کہ گذشتہ روز چینل ٹو نے الخلیل کی یہودی بستی کریات اربع میں ایک یہودی کی کار سے ٹکرا کر زخمی ہونے والے فلسطینی نوجوان کو متعدد مرتبہ کار تلے روندے جانے کی ویڈیو کلپ نشر کیا۔ زخمی نوجوان کو ریسکیو کا عملہ جائے حادثہ پر طبی امداد دے رہا تھا کہ اس دوران ایک نامعلوم اسرائیلی فوجی نے اپنے پسٹل سے مضروب پر فائر کئے۔ وزارت نے انسانی حقوق کی بین الاقوامی تنظیموں سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ اسرائیلی جرائم کے اس سلسلے کے سامنے بند باندھنے میں اپنا کردار ادا کریں۔ وزارت نے مضروب فلسطینی کے اہل خانہ پر بھی زور دیا ہے کہ وہ اپنے بیٹے کو نشانہ بنانے والے بدطینت یہودی ڈرائیور کے خلاف قانونی چارہ جوئی کا حق استعمال کریں۔