کراچی( )فلسطین فاؤنڈیشن پاکستان کی مرکزی سرپرست کمیٹی کے اراکین کا اہم اجلاس کراچی میں جماعت اسلامی کراچی کے دفتر ’’ادارہ نور حق‘‘ میں سابق رکن قومی اسمبلی مظفر احمد ہاشمی کی سر براہی میں منعقد ہوا ،
اجلاس میں فلسطین فاؤنڈیشن پاکستان کے مرکزی سرپرست رہنماؤں بشمول جمعیت علماء پاکستان کے رہنما علامہ قاضی احمد نورانی صدیقی، علامہ شوکت مغل قادری، عوامی مسلم لیگ کے رہنما محفوظ یار خان ایڈووکیٹ، انسانی حقوق کی تنظیم کے عہدیداران میجر (ر) عامر سید، شہزاد خان ، اور فلسطین فاؤنڈیشن پاکستان کے مرکزی ترجمان صابر کربلائی نے شرکت کی ۔
فلسطین فاؤنڈیشن پاکستان کے مرکزی سرپرست کمیٹی کے اجلاس میں مئی میں ’’یوم نکبہ‘‘ کی مناسبت سے فلسطینیوں سے اظہار یکجہتی اور ہمدردی کے لئے پروگراموں کو منعقد کرنے کے لئے مختلف تجاویز پر غور کیا گیا اور اس عزم کا اعادہ کیا گیا کہ فلسطین کی آزادی کی جد وجہد کو جاری رکھا جائے گا او ر فلسطینیوں کے حقوق کا دفاع کرنے کے لئے کسی قسم کے راست اقدام سے گریز نہیں کیا جائے گا جبکہ شرکاء کاکہنا تھا کہ قبلہ اول بیت المقدس مسلم امہ کا تیسرا مقدس مقا م ہے اور آج قبلہ اول غاصب صیہونی ریاست اسرائیل کے شکنجے میں ہے تاہم قبلہ اول کی بازیابی ہمارا اولین فریضہ ہے جس سے کسی طور پر کوتاہی نہیں کی جا سکتی۔
فلسطین فاؤنڈیشن پاکستان کے مرکزی رہنماؤں نے پاکستان کی سیاسی و مذہبی جماعتوں سمیت سول سوسائٹی اور انسانی حقوق کی تنظیموں سے اپیل کی کہ وہ مئی کے مہینے میں فلسطینیوں پر ڈھائی جانے والے بہت بڑی مصیبت ’’یوم نکبہ ‘‘ کی مناسبت سے آواز بلند کریں اور فلسطینیوں کے حق واپسی کی آواز بلند کی جائے۔
واضح رہے کہ سنہ1948ء میں 15مئی کو غاصب اسرائیل نے سات لاکھ سے زائد مظلوم اور نہتے فلسطینیوں کو ان کے گھروں سے بے گھر کر دیا تھا اور جبری طور پر فلسطین کے باشندوں کو فلسطین سے جلا وطن کر دیا گیا تھا۔تاہم اس روز کو فلسطینی بہت بڑی مصیبت اور تباہی کا دن قرار دیتے ہیں اور اس دن کو ’’یوم نکبہ‘‘ کہا جاتا ہے یعنی مصیبت اور تباہی کا بد ترین دن۔