بارہ سالہ معصوم فلسطینی بچے محمد الدرہ کی شہادت اسرائیل کے تابوت میں آخری کیل ثابت ہو گی،معصوم فلسطینی بچے محمد الدرہ کی تیرہویں برسی کی مناسبت سے فلسطین فاؤنڈیشن پاکستان کا فلسطینی بچوں سے اظہار یکجہتی کا اعلان
کراچی ( ) عالمی برادری اور انسانی حقوق کی عالمی تنظیمیں فلسطینی بچوں اور نوجوانوں کی زندگیاں محفوظ بنانے میں اپنا مثبت اور سنجیدہ کردار ادا کریں، ان خیالات کا اظہار فلسطین فاؤنڈیشن پاکستان کے مرکزی سرپرست رہنما سابق رکن قومی اسمبلی اور جماعت اسلامی کے رہنما مظفر احمد ہاشمی، جمعیت علماء پاکستان کے مرکزی رہنما علامہ قاضی احمد نورانی صدیقی، فلسطین فاؤنڈیشن پاکستان کے مرکزی ترجمان اور سیکرٹری جنرل صابر کربلائی، پاکستان عوامی مسلم لیگ کے مرکزی رہنما محفوظ یار خان ایڈووکیٹ اور مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے صوبائی رہنما مولانا صادق رضا تقوی نے” یکم اکتوبر یوم یکجہتی نوجوانان و طفلان فلسطین ”کے موقع پر اپنے ایک خصوصی بیان میں کیا۔
فلسطین فاؤنڈیشن پاکستان کے مرکزی رہنماؤں نے یکم اکتوبر یوم یکجہتی نوجوانان و طفلان فلسطین کے موقع پراقوام متحدہ، عالمی برادری، یورپی یونین، عالمی تنظیموں اور انسانی حقوق کی بین الاقوامی تنظیموں اور اداروں سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ فلسطین میں صیہونی اسرائیلی مظالم کے باعث بگڑتی ہوئے معصوم بچوں اور نوجوانوں کی زندگیوں کو بچانے کے لئے میدان عمل میں آئیں اور اپنا مثبت کردار ادا کریں،ان کاکہنا تھا کہ فلسطین میں بسنے والے بچوں کی حالت انتہائی ابتر ہوتی جا رہی ہے اور بالخصوص غزہ کے علاقے میں ہزاروں معصوم بچوں کی زندگیاں خطرے میں ہیں۔
فلسطین فاؤنڈیشن پاکستان کے مرکزی رہنماؤں نے کہا کہ فلسطینی بچوں کے بنیادی حقوق جن میں تعلیم، صحت، شامل ہیں غاصب صیہونی ریاست اسرائیل کی طرف سے بری طرح پائمال کئے جا رہے ہیں اگر عالمی برادری نے اسرائیلی وحشی درندوں کے خلاف سنجیدہ کاروائی نہ کی تو دنیا عظیم سانحہ کا سامنا کرے گی جسے تاریخ میں کبھی فراموش نہیں کیا جائے گا۔
رہنماؤں نے مزید کہا کہ اب تک موصول ہونے والی معلومات کے مطابق غاصب صیہونی اسرائیلی ریاست نے فلسطینی بچوں کے درجنوں اسکولوں کو فضائی حملوں میں مسمار کر دیا ہے اور افسوس کی بات تو یہ ہے کہ بد ترین معاشی بحران کی وجہ سے اب ان میں سے متعدد اسکول ایسے ہیں جنہیں اب دوبارہ تعمیر بھی نہیں کیا جا سکتا ہے، غرض یہ کہ فلسطینی بچوں کی زندگیاں خطرے میں ہیں ،فلسطین فاؤنڈیشن پاکستان کے رہنماؤں نے اس موقع پر عالمی اداروں سے اپیل کی ہے کہ اسرائیلی جیلوں میں قید فلسطینی بچوں اور نوجوانوں کو فی الفور رہا کرویا جائے جنہیں بے گناہ اسرائیلی قید میں رکھا گیا ہے۔
فلسطین فاؤنڈیشن پاکستان کے رہنماؤں نے تیس ستمبر سنہ2000ء میں غاصب صیہونی افواج کے ہاتھوں ایک بارہ سالہ معصوم بچے محمد الدرہ کی اس کے والد کے ہمراہ بہیمانہ شہادت پر اسرائیلی جرائم کی سخت مذمت کی، واضح رہے کہ تیس ستمبراسرائیلی وھشی فوجیوں نے بارہ سالہ معصوم فلسطینی بچے محمد الدرہ کو اس کے والد کے ہمراہ بے دردی سے شہید کر دیا تھاتاہم محمد الدرہ کی شہادت کی برسی کی مناسبت سے دنیا بھر میں یکم اکتوبر کو فلسطینی بچوں سے اظہار یکجہتی کا دن منایا جاتا ہے جبکہ محمد الدرہ کی شہادت ہی وہ وجہ تھی کہ جس کے سبب فلسطین میں دوسرا انتفاضہ شروع ہوا۔