فلسطینی وزیراعظم اسماعیل ھنیہ نے شامی فنکاروں اور فلم ڈائریکٹروں کے وفد سے ملاقات کرتے ہوئے کہا ہے کہ فلسطینیوں کے داخلی اختلافات ناپسندیدہ اور غیرفطری ہیں اور ان کی حکومت ان اختلافات کے خاتمے کے لئے کوشاں ہے- اسماعیل ھنیہ نے کہا کہ ان کی حکومت قومی مفاد اور مزاحمت کی بنیاد پر وسیع تر قومی اتحاد کی خواہاں ہے اور اس سلسلہ میں بعض فلسطینی اور عرب قوتیں مصالحت کیلئے کوشاں ہیں- انہوں نے کہا کہ اہالیان شام کے لئے ہمارے دل میں بہت بلند مقام ہے اور ہم آپ کے مشکور ہیں کیونکہ شام میں سینما اور چھوٹی سکرین پر عرب ایشوز بالخصوص مسئلہ فلسطین کو بھرپور طریقے سے اجاگر کیا جاتا ہے- انہوں نے کہا کہ شام فلسطینی عوام کی مزاحمت اور ان کی استقامت کا ساتھ دیتا چلا آ رہا ہے‘ لہذا اسلامی خلافت کا مرکز دمشق اور شام ہی ہو گا- یہ وفد فلسطینی عوام کے ساتھ اظہار یکجہتی کے لئے یہاں آیا تھا اور اس میں آرٹس گلڈ کے سربراہ اسعد عبد‘ دیورید لحام‘ اسعد فدا‘ رفیق صبیحی‘ سوسان نجم الدین‘ طلحت حامدی‘ جمال سلیمان‘ وفاموسیلی‘ سلیم کالاس‘ حشام حسبانی‘ ہادی بقدونیں اور رضوان عقیلی شامل ہیں-