امریکہ اور اسرائیل پوری مسلم امہ اور انسانیت کے دشمن ہیں،شہید آفتاب جعفری کا قتل امریکی وصیہونی سازشوں کا حصہ ہے۔خون کے آخری قطرے تک شہید آفتاب جعفری کے مشن کو زندہ رکھیں گے۔شہید آفتاب جعفری کے قتل کا مقدمہ امریکی سفیر کے خلاف درج کیا جائے اور امریکی سفیر کو ملک بدر کیا جائے ۔ان خیالات کا اظہار پاکستان پیپلز پارٹی سندھ کے سیکرٹری جنرل تاج حیدر،ملی یکجہتی کونسل سندھ کے صدر اسد اللہ
بھٹو،پاکستان مسلم لیگ نواز کے رہنما سید نثار شاہ،جماعت اسلامی کراچی کے قائم مقام امیر راجہ عارف سلطان،سابق رکن قومی اسمبلی و سرپرست فلسطین فاؤنڈیشن پاکستان مظفر احمد ہاشمی،جمعیت علماء پاکستان کے رہنماؤں علامہ قاضی احمد نورانی،علامہ عقیل انجم،مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی رہنما مولانا حیدر عباس،فلسطین فاؤنڈیشن پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل اور ترجمان صابر کربلائی،عوامی مسلم لیگ کے رہنما محفوظ یار خان ایڈووکیٹ اور جعفریہ الائنس پاکستان کے ڈپٹی جنرل سیکرٹری سید شبر رضا اور شہید کی دخترخواہر مدیحہ بتول نے فلسطین فاؤنڈیشن پاکستان کے مرکزی سرپرست اور بانی رکن شہید آغا آفتان جعفری کی یاد میں منعقدہ ایک تعزیتی سیمینار سے ’’بیاد شہید آفتاب مظلومین ‘‘ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔تعزیتی سیمینار کا انعقاد جماعت اسلامی پاکستان کراچی اور فلسطین فاؤنڈیشن پاکستان کے زیر اہتمام ’’اداری نور حق‘‘ میں کیا گیا تھا جس میں مختلف سیاسی و مذہبی جماعتوں کے کارکنوں سمیت شہید آفتاب حیدر کے اہل و عیال نے بھی شرکت کی۔
فلسطین فاؤنڈیشن پاکستان کے مرکزی سرپرست اور بانی رکن شہید آغا آفتاب جعفری کی یا دمیں منعقدہ تعزیتی سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان پیپلز پارٹی سندھ کے سیکرٹری جنرل تاج حیدر کاکہنا تھا کہ عالمی استعمار اور مغربی قوتیں پاکستان کو عدم استحکام کا شکا ر کرنا چاہتی ہیں اور شہید آفتاب جعفری کا قتل انہی سازشوں کی ایک کڑی ہے۔ان کاکہنا تھا کہ پوری مسلم امہ کو چاہئیے کہ امریکہ اور اسرائیل جیسی شیطانی قوتوں کے سامنے اسی طرح سیسہ پلائی ہوئی دیوار بن جائیں جس طرح ارض پاکستان پر شہید آغا آفتاب جعفری کی شخصیت دشمن کے سامنے سیسہ پلائی ہوئی دیوار کی مانند تھی۔
تعزیتی سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے ملی یکجہتی کونسل سندھ کے صدر اسد للہ بھٹو کاکہنا تھا کہ شہید آفتا ب جعفری کا جرم یہ تھا کہ وہ دنیا بھر کے مظلوموں بالخصوص فلسطینی مظلوموں کی صدائے احتجاج کو پاکستان میں بلند کر رہے تھے اور جد وجہد آزادئ فلسطین میں سرگرم عمل تھے لہذٰا عالمی دہشت گرد امریکہ اور غاصب صیہونی ریاست اسرائیل کے مقامی ایجنٹ نمک خواروں کو یہ بات قابل قبول نہ تھی اور اسی جرم کی پاداش میں شہید آفتاب جعفری کو موت کی نیند سلا دیا گیا۔اسد اللہ بھٹوکا کہنا تھا کہ اگر مظلوموں کی حمایت کرنا جرم ہے تو یہ جرم ہم بھی کرنے کے لئے تیار ہیں اور خون کے آخری قطرے تک شہید آفتاب جعفری کے مشن کو زندہ رکھیں گے۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان مسلم لیگ نواز کے رہنما سید نثار شاہ،جماعت اسلامی کراچی کے قائم مقام امیر راجہ عارف سلطان اور فلسطین فاؤنڈیشن پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل اور ترجمان صابر کربلائی کاکہنا تھا کہ شہید آفتاب جعفری کی شہادت سے دنیا انسان دوست رہنما سے محروم ہو گئی ہے ۔ان کاکہنا تھا کہ شہید آفتاب جعفری کا عقیدہ تھا کہ فلسطین کا دفاع در اصل پاکستان ،اسلام اور انسانیت کا دفاع ہے ۔انہوں نے کہا کہ شہید دفاع فلسطین،پاکستان،اسلام اور انسانیت کی جد وجہد کرتے ہوئے دا ر فانی سے کوچ کر گئے لیکن آسمان پر چمکتا آفتاب اور اس کی کرنیں آج بھی حریت پسندوں کی رہنمائی کر رہی ہیں جو اس بات کا ثبوت ہے کہ شہید آفتاب جعفری لاکھوں کروڑوں انسانوں کے دلوں میں زندہ و جاوید ہے۔
تعزیتی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی رہنما مولانا حیدر عباس کاکہنا تھا کہ شہید آفتاب جعفری مرد مجاہد اور نڈر شخصیت تھی کہ جس نے ظالم سامراجی قوتوں کے سامنے اپنا سر تسلیم خم کرنے کی بجائے اپنا سر کٹوا دیا لیکن رہتی دنیا تک ہمیں یہ درس دے دیا کہ ظالم کے سامنے کبھی سرتسلیم خم نہ کرنا۔ان کاکہنا تھا کہ شہید آفتاب جعفری کی شہادت صرف پاکستان کے لئے نہیں بلکہ مسلم امہ کے لئے ایک عظیم نقصان ہے۔تعزیتی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے فلسطین فاؤنڈیشن پاکستان کے مرکزی سرپرست اور سابق رکن قومی اسمبلی مظفر احمد ہاشمی،جمعیت علماء پاکستان کے رہنما علامہ قاضی احمد نورانی ،عوامی مسلم لیگ کے رہنما محفوظ یار خان اور جعفریہ الائنس پاکستان کے رہنما سید شبر رضا کاکہنا تھا کہ شہید آفتاب جعفری کی خدمات کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں اور تجدید عہد کرتے ہیں کہ شہید کے مشن کو جاری رکھیں گے خوا ہ اس راہ میں کتنی ہی مشکلات کا سامنا کیوں نہ کرنا پڑے۔