فلسطین فاﺅنڈیشن پاکستان کے زیر اہتمام آج ملک بھر میں غزہ پر صیہونی حملوں کے خلاف احتجاجی مظاہرے کئے جائیں گے،ملک بھر میں ”یوم یکجہتی فلسطین وفتح مبین “ منایا جائے گا۔
سینیٹر حاجی عدیل خان،مظفر ہاشمی،قاضی احمد نورانی،مولانا صادق رضا،علامہ عقیل انجم قادری،صابر کربلائی،محفوظ یار خان و دیگر کا مشترکہ بیان
کراچی()فلسطین فاﺅنڈیشن پاکستان کے زیر اہتمام آج ملک بھر میں غزہ پر صیہونی حملوں کے خلاف احتجاجی
مظاہرے کئے جائیں گے،ملک بھر میں ”یوم یکجہتی فلسطین “ منایا جائے گا۔ان خیالات کا اظہار فلسطین فاﺅنڈیشن پاکستان کی مرکزی سرپرست کمیٹی کے اراکین عوامی نیشنل پارٹی کے سینئر نائب صدر اور سینیٹر حاجی محمد عدیل خان،سابق رکن قومی اسمبلی و رہنماجما عت اسلامی مظفر احمد ہاشمی،جمعیت علماءپاکستان کے رہنماﺅں علامہ قاضی نورانی،علامہ عقیل انجم،مجلس وحدت مسلمین پاکستان کراچی کے سیکرٹری جنرل مولانا صادق رضا،فلسطین فاﺅنڈیشن پاکستان کے مرکزی ترجمان صابر کربلائی اورپاکستان عوامی مسلم لیگ کے رہنما محفوظ یار خان ایڈووکیٹ نے غزہ پر ہونے والی صیہونی اسرائیلی جارحیت کے خلاف سخت احتجاج کرتے ہوئے ملک بھر میں جمعہ 23نومبر کو ”یوم یکجہتی فلسطین وفتح مبین “ قرار دیتے ہوئے کیا۔
فلسطین فاﺅنڈیشن پاکستان کے مرکزی سرپرست رہنماﺅں نے کہا کہ غاصب صیہونی ریاست اسرائیل نے غزہ پر جارحیت کر کے ایک سو باسٹھ سے زائد معصوم بچوں اور خواتین سمیت نوجوانوں کو دہشت گردانہ کاروائیوںکا نشانہ بنایا اور تاریخ میں ایک فراموش نہ کئے جانے والا باب رقم کیا۔رہنماﺅںنے کہا کہ ایک طرف غزہ پر غاصب صیہونی ریاست اسرائیل نے بد ترین دہشت گردی کی مثالیں قائم کیں تو دوسری جانب انسانی حقوق کے نام نہاد علمبردار امریکہ نے بھی غاصب صیہونی ریاست اسرائیل کا ساتھ دیا اور یہ ثابت کر دیا کہ امریکہ اور اسرائیل انسانیت کے بد ترین دشمن ہیں۔
فلسطین فاﺅنڈیشن پاکستان کے مرکزی رہنماﺅں کاکہنا تھا کہ اسلامی مزاحمتی تحریک حماس کی جانب سے غاصب اسرائیل سے بر سر پیکار رہنے پر خراج تحسین پیش کرتے ہیں کہ جن کی مزاحمت اور جہاد کے راستے نے غاصب اسرائیل کو مجبور کیا کہ وہ جنگ بندی کی جانب گامزن ہوا،انہوںنے گذشتہ شب غزہ میں اسرائیل کی جانب سے جنگ بندی کو فلسطینی عوام اور فلسطینی مجاہدین کی فتح مبین قرار دیا اور پاکستان کے عوام سے اپیل کی کہ آج جمعہ کو ملک بھر میں ”یوم یکجہتی فلسطین وفتح مبین“ منایا جائے اور مظلوم اور نہتے فلسطینیوں کی اخلاقی و سیاسی حمایت کی جائے۔اس موقع پر رہنماﺅں کاکہنا تھا کہ فلسطین فاﺅنڈیشن پاکستان کے زیر اہتمام آج جمعہ کو لاہور،ملتان،حیدر آباد،اسلام آباد سمیت پشاور اور دیگر شہروں میں غاصب اسرائیل کے خلاف اور فلسطینی عوام سے اظہار یکجہتی کے لئے مظاہرے کئے جائیں گے۔