فلسطین فاؤنڈیشن پاکستان کے مرکزی رہنماؤں علامہ قاضی احمد نورانی صدیقی (رہنما جمعیت علماء پاکستان و سرپرست فلسطین فاؤنڈیشن)،مولانا صادق رضا تقوی (رہنما مجلس وحدت مسلمین و سرپرست رکن فلسطین فاؤنڈیشن پاکستان)،جمعیت علماء پاکستان کے رہنما مولانا شوکت مغل اور فلسطین فاؤنڈیشن پاکستان کے مرکزی ترجمان صابر کربلائی نے جمعہ کے روز کراچی کے ایک مقامی اسپتال میں یوم القدس کے روز بم دھماکے میں زخمی ہونے والے افراد سے ملاقات کی اور ان کی عیادت کی ۔
واضح رہے کہ ماہ رمضان المبارک کے آخری جمعہ (جمعۃ الوداع یوم القدس) کے روز مرکزی القدس ریلی میں شرکت کے لئے آنے والے شرکاء پر یونیوسٹی روڈ پر ایک بم حملہ ہوا تھا جس کے نتیجہ میں تین افراد شہید جبکہ بیس سے زائد زخمی ہو گئے تھے۔ یوم القدس کے روز بم حملہ میں زخمی ہونے والے افراد سے ملاقات اور عیادت کے دوران فلسطین فاؤنڈیشن پاکستان کے مرکزی رہنماؤں علامہ قاضی احمد نورانی ،مولانا شوکت مغل ،مولانا صادق رضا تقوی اور فلسطین فاؤنڈیشن پاکستان کے مرکزی ترجمان صابر کربلائی کاکہنا تھا کہ سلام ہو ان شہداء پر کہ جنہوں نے راہ آزادئ القدس و مسجد اقصیٰ کی خاطر اپنے خون کا نذرانہ پیش کیا اور قابل تحسین و ستائش ہیں وہ لوگ جنہوں نے بم حملہ کے بعد استقامت کی نئی مثال قائم کر دی۔رہنماؤں نے زخمی ہونے والے افراد کے لئے جلد صحت یابی کی دعا کی اور زخمیوں سے ملاقات کے دوران ان کی عیادت کی اور ان کی خیریت دریافت کی۔ اس موقع پر فلسطین فاؤنڈیشن پاکستان کی جانب سے زخمیوں کو پھولوں کے گلدستے بھی دئیے گئے۔