سیاسی و مذہبی جماعتوں کے رہنماؤں کا حکومت پاکستان سے مطالبہ. فلسطین فاؤنڈیشن پاکستان لاہور چیپٹر کے زیر اہتمام سیمینار ’’فلسطین ،فلسطینیوں کا وطن‘‘کا انعقاد
لاہور۔حکومت پاکستان رمضان المبارک کے آخری جمعہ کو ’’یوم القدس‘‘ قرار دے ،امریک اورو اسرائیل عالمی دہشت گرد ہیں۔ان خیالات کا اظہار فلسطین فاؤنڈیشن پاکستان کے زیر اہتمام لاہور پریس کلب میں منعقدہ سیمینار ’’فلسطین،فلسطینیوں کا وطن‘‘ سے خطاب کرتے ہوئے جامعہ نعیمیہ کے پرنسپل اور معروف عالم دین مولانا راغب نعیمی ،سنی تحریک پاکستان لاہور کے صدر مجاہد رسول،جماعت اہلسنت کے صوبائی رہنما صاحبزادہ افضال نورانی،تحریک ناموس رسالت کے رہنما محمد علی نقشبندی ،مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے صوبائی سیکرتڑی جنرل مولانا عبد الخالق اسدی ،جمعیت علماء پاکستان کے رہنما فیض احمد ہاشمی ،امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن پاکستان کے مرکزی صدر اظہر عمران ،انجمن طلبہ اسلام کے مرکزی رہنما حافظ رحیم بخش ندیم اور فلسطین فاؤنڈیشن پاکستان لاہور چیپٹر کے رکن محمد عمار و دیگر نے کیا ۔
مقررین کاکہنا تھا کہ رمضان المبارک کا آخری بابرکت جمعہ مظلوم فلسطینیوں سے اظہار یکجہتی کے لئے منایا جاتاہے تاہم حکومت پاکستان سے مطالبہ کرتے ہیں کہ ملک بھر میں رمضان المبارک کے آخری جمعہ کو ’’یوم القدس ‘‘ قرار دیا جائے اور ملک بھر میں سرکاری سطح پر القدس کی آزادی اور فلسطین کی آزادی کے لئے جد وجہد کی تحریک کا آغاز کیا جائے ۔رہنماؤں کاکہنا تھا کہ 64سال سے زائد بیت چکے ہیں لیکن ہمارے فلسطینی بھائی غاصب صیہونی ریاست اسرائیل کے مظالم کی چکی میں پس رہے ہیں اور ان کاکوئی پرسان حال نہیں ہے ،ان کاکہنا تھا کہ عرب حکمران نہ صرف ملتوں کے خائن ہیں بلکہ مسئلہ فلسطین پر یو ٹرن لینے کے بعد عرب حکمرانوں نے جہاں عالم اسلام کے ساتھ خیانت کی ہے وہیں اسلام سے بھی خیانت کے مرتکب ہوئے ہیں ۔
مقررین کاکہنا تھا کہ امریکہ عالمی دہشت گرد ہے جس نے پوری دنیا کو آگ و خون میں جھلسا دیا ہے ،انہوں نے مزید کہا کہ فلسطین ،صرف اور صرف فلسطینیوں کا وطن ہے اور بعد میں غاصبانہ طریقے سے لا کر بسائے جانے والے تمام یہودیوں کو چاہئیے کہ وہ اپنے گھر کی راہ لیں ان کاکہنا تھا کہ پاکستان کے غیور عوام اور سیاسی و مذہبی جماعتیں ہمیشہ فلسطینی کاز کی حمایت کرتے رہے ہیں اور مستقبل میں بھی فلسطین کی آزادی تک اس حمایت سے دستبردار نہیں ہو گے۔
سیمینا ر سے خطاب کرتے ہوئے مقررین کاکہنا تھا کہ مشرق وسطیٰ اور عرب ممالک میں آنے والی اسلامی بیداری کی لہر ایک مثبت اقدام ہے جو انشاء اللہ فلسطین کی آزادی کے ساتھ اختتام پذیر ہو گی ان کاکہنا تھا کہ پاکستان میں ہونے والی دہشت گردانہ کاروائیوں سمیت پاکستان کو عدم استحکام کا شکار کرنے کی سازشیں امریکہ اور اسرائیل میں بنائی جا رہی ہیں جس کا مقصد پاکستان کے عوام کو مسلم امہ سے جدا کرنا اور مسئلہ فلسطین کے عنوان سے جد وجہد کرنے سے روکنا ہے۔
اس موقع پر سیمینار میں صحافیوں سمیت سول سوسائٹی کی ایک بڑی تعداد موجود تھی ۔سیمینار کے دوران حماس کے مرکزی رہنما اور فلسطین کے سابق وزیر خارجہ محمود الزھار کا ویڈیو پیغام بھی دکھایا گیا جبکہ اس موقع پر غزہ کے حالات پر مبنی ایک ڈاکیومنٹری فلم بھی دکھائی گئی ۔