فلسطینی حکومت کے زیرانتظام”انسداد معاشی ناکہ بندی کمیٹی” نے اعلان کیا ہے کہ یورپ سے غزہ کے لیے آنے والا امدادی قافلہ”مسکراہٹ” آج منگل کی شام غزہ پہنچ رہا ہے۔ قافلے کے استقبال کے لیے تیاریاں عروج پر ہیں۔ کمیٹی کے ترجمان حمدی شعث نے مرکز اطلاعات فلسطین سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مصری حکام نے قافلے میں موجود سامان کی فہرست غزہ حکومت کو فراہم کردی ہے، حکام کا کہنا ہے کہ یورپ سے آنے والے امدادی سامان کے ٹرکوں سے سامان عریش بندرگاہ پر کشتیوں پر لوڈ کیا جا رہا ہے، سامان کے کشتیوں پر منتقل کیے جانے کے بعد انہیں غزہ جانے کی اجازت دے دی جائے گی۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ انہیں توقع ہے کہ مصری حکام قافلے کے امدادی سامان کو غزہ آنے میں کسی قسم کی رکاوٹ پیدا نہیں کریں گے۔ شعث نے مصری حکام سے مطالبہ کیا کہ وہ امدادی قافلے کو غزہ پہنچانے میں ہر قسم کی سہولیات فراہم کرے تاکہ شہر کے غریب اور بیمار شہریوں کی مدد کی جا سکے۔ واضح رہے کہ امدادی قافلے”مسکراہٹ” میں یورپ کے 10 ممالک سے تعلق رکھنے والے انسانی حقوق کے 100 اہلکار اور ایک سو منی بسوں کے ساتھ شریک ہیں۔ قافلے میں ادویات، اشیائے خوردونوش اور گرم کپڑے شامل ہیں۔