تنظیم آزای فلسطین کے سیاسی شعبے کے سربراہ فاروق قدومی نے کہا ہے کہ محمود عباس کی جانب سے آئندہ سال انتخابات میں شامل نہ ہونے اور استعفے کے اعلان میں کوئی حیثیت نہیں۔ ان کی اس دھمکی کا مقصد امریکا، اسرائیل اور یورپی یونین پراپنے مدد کے لیے دباؤ ڈالنا ہے۔ عربی اخبار”القدس العربی” کو انٹرویو میں انہوں نے کہا کہ محمود عباس کی باتوں، وعدوں اور اعلان کا کوئی اعتبار نہیں، آج انہوں نے استعفے کا اعلان کیا ہے کل اس سے مکر جائیں گے۔ فاروق قدومی کا کہنا تھا کہ محمود عباس نے ماضی میں بھی متعدد مرتبہ اس طرح کے اعلانات کیے، سابق صدر یاسرعرفات کے دور میں وہ فلسطینی اتھارٹی کے وزیراعظم تھے، انہوں نے یاسرعرفات کو دھمکی دی تھی کہ وہ وزارت عظمی سے متعفی ہورہے ہیں تاہم انہوں عملا ایسا کیا نہیں۔جس سے یہ ظاہر ہوتا ہے کہ محمود عباس اپنے قول پرعمل نہیں کرتے ان کے قول و فعل میں تضاد ہے۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ محمود عباس کی جانب سے استعفے کے اعلان کا مقصد امریکا، یورپ اور اسرائیل پر اپنی اھمیت جتانا اوریہ احساس دلانا ہے کہ وہ ان کے لیے ناگزیر نہیں لہٰذا وہ ان کی مدد کریں اور استعفے کا فیصلہ واپس لینے کا مطالبہ کریں۔