اسرائیلی کنیسٹ کی خارجہ امور کمیٹی کے چیئرمین اور نائب وزیراعظم شاٶل موفازنے صہیونی جیلوں میں زیرحراست فلسطینی قیدیوں پر تشدد بڑھانے کا اعلان کیا ہے. بدنام زمانہ جیل “عوفر” کے دورے کے دوران انہوں نے جیل انتظامیہ کو ہدایت کی کہ وہ تمام فلسطینی قیدیوں پر سختیاں بڑھادیں اور کسی قیدی کو کوئی رعایت نہ دیں. خیال رہے کہ صہیونی عہدیدار نے فلسطینی قیدیوں پر تشدد بڑھانے کا اعلان ایک ایسے وقت میں کیا ہے جب اسرائیل کی کئی جیلوں میں فلسطینی اسیران اور اسیرات جیل عملے کے مظالم کےخلاف احتجاجا ہڑتالیں جاری رکھے ہوئے ہیں. مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق فلسطینی اسیران کے اہل خانہ کا کہنا ہے عوفر جیل میں دورے کے دوران شاٶل موفاز نے قیدیوں کی بیرکوں کا بھی دورہ کیا. اس دوران انہوں نے حکام سے تمام قیدیوں کی سخت تلاشی لینے اور ان کے تفتیش کے اوقات میں اضافہ کرنے پر بھی زور دیا. دوسری جانب اسرائیلی ذرائع نے بتایا ہے کہ شاٶل موفاز حکمراں اتحاد میں شامل “قدیما” پارٹی کے سربراہی کے لیے کوشاں ہیں. وہ آج کل اسرائیلی جیلوں کے دورے پر ہیں اور ان کے اس دورے کا مقصد پارٹی صدارت کے لیے راہ ہموارکرنا ہے. وہ فلسطینی قیدیوں پر سختیاں بڑھانے کے بیانات دے کراپنی جماعت کے زیادہ سے زیادہ ارکان کی ہمدردیاں حاصل کرنا چاہتے ہیں.