فلسطینی شہر غزہ کی پٹی پر اسرائیلی فوج کے جنگی طیاروں کی تازہ بمباری میں اسلامی تحریک مزاحمت “حماس” کے عسکری ونگ القسام بریگیڈ کے دو ارکان شہید اور ایک زخمی ہو گیا. حملے میں غزہ کے مشرق میں القسام بریگیڈ کے زیرانتظام ایک ٹریننگ سینٹر کو نشانہ بنایا گیا. تربیتی مرکز کی عمارت مکمل طور پر زمیں بوس ہو گئی. فلسطینی محکمہ داخلہ کے زیرانتظام ایمر جنسی سروسز کے ترجمان ادھم ابو سلمیہ نے مرکزاطلاعات فلسطین کو بتایا کہ صہیونی فوج کے جنگی طیاروں کے حملے میں دو افراد کی شہادت کی تصدیق کر دی گئی ہے. دونوں شہداء کی شناخت عندنان اشتیوی اور غسان ابو عمرو کے ناموں سے کی گئی اور دونوں القسام بریگیڈ کے رکن بتائے جاتے ہیں. ایک تیسرے رکن کو بازو پر زخم آئے ہیں جسے اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے. ادھر عینی شاہدین کے مطابق غزہ کے مشرق میں اسرائیلی فوج کےایف سولہ طیاروں کے ذریعے بم گرائے گئے . دھماکے اس قدر شدید تھے کہ ان کی آواز دور دور تک سنی گئی. ادھر غزہ کے جنوب میں بھی دو میزائل داغے گئے ہیں تاہم آخری اطلاعات آنے تک ان حملوں میں کسی قسم کے جانے نقصان کی تفصیلات سامنے نہیں آ سکیں.