انتہاء پسند یہودیوں نے اسرائیلی فوج کی نگرانی میں مغربی کنارے کے مرکزی ضلع الخلیل کے شمالی علاقے حلحول میں جلیل القدس پیغمبر حضرت یونس علیہ السلام سے منسوب تاریخی مسجد مسجد یونس پر حملہ کر کے یہودی مذہبی رسومات کی ادائیگی کی۔ عینی شاہدین کے مطابق ایک سو سے زائد اسلحہ سے لیس یہودیوں نے مسجد کی راہداریوں میں تلمودی عبادات کی ادائیگی کی، اس موقع پر صہیونی سکیورٹی فورسز نے مسجد کو گھیرے میں لیے رکھا۔ قابض اسرائیلی فورسز نے پیغمبر یونس کے نام سے منسوب حلحول کا شمالی داخلی راستہ بھی فلسطینیوں کے لیے بند کر دیا جس کا مقصد غاصب یہودیوں کے مسجد میں داخلے کو آسان بنانا تھا۔ الخلیل میں ہی ایک الگ کارروائی میں صہیونی فوج نے بئر محجر کے علاقے میں دو گھروں پر چھاپہ مار کر دو بھائیوں محمد اور عبد المجید رامی کو حراست میں لے لیا ہے۔ فورسز نے دونوں بھائیوں کی دوکان کی تلاشی لی اور ایک گاڑی اور دیگر گاڑیوں کے مختلف اسپیرپارٹس پر بھی قبضہ کر لیا ہے۔