فلسطینی ذرائع نے مقبوضہ بیت المقدس کی صہیونی بلدیہ کے زیر کمانڈ تفتیشی عملے کی ’’مشتبہ سرگرمیوں‘‘ سے آگاہ کرتے ہوئے آئندہ چند روز میں شہر کے شمالی علاقوں میں فلسطینیوں کو گھروں کے انہدامی آرڈرز موصول ہونے سے خبردار کیا ہے۔ مقبوضہ بیت المقدس کے عینی شاہدین نے بتایا کہ صہیونی بلدیہ کی گاڑیاں فوجی اہلکاروں کے ہمارہ بیت حنینا کے علاقوں اشقریہ، واد الدم، اور مروحہ میں گشت کرتی پائی گئی ہیں جس سے یہ خدشات بڑھ گئے ہیں کہ اگلے چند روز میں بغیر اجازت تعمیرات کا بہانہ بنا کر فلسطینیوں کو گھروں کو مسمار کرنے کے احکامات جاری کر دیے جائیں گے۔ اسرائیلی بلدیہ نے اس علاقے میں پہلے ہی ایک ٹاور اور بائیس اپارٹمنٹس کو منہدم کرنے کے احکامات صادر کر چکی ہے، ان ظالمانہ احکامات پر عمل درآمد کے نتیجے میں 150 فلسطینی جس میں اکثریت بچوں کی ہی چھت سے محروم ہو جائیں گے۔