فلسطینی علاقے مقبوضہ مغربی کنارے میں یہودی آبادکاروں نے فلسطینی شہریوں کی املاک پر حملوں کا سلسلہ بڑھا دیا ہے. اطلاعات کے مطابق جمعرات کو بیت المقدس اور تل الربیع کے درمیان یہودی آبادکاروں کی بڑی تعداد نے جمع ہو کر ٹائر جلائے اور مقبوضہ فلسطین کی جانب جانے والے تمام راستے بند کر دیئے. یہودی آبادکاروں کی جانب سے یہ اقدام ایک ایسے وقت میں کیا گیا جب فلسطینی مقبوضہ بیت المقدس کے قریب صہیونی پولیس کے ہاتھوں ہونے والے تشدد کےخلاف یوم الغضب کے سلسلے میں احتجاجی مظاہرہ کرنےوالے تھے. قبل ازیں صہیونی فوجیوں نے بیت المقدس کےقریب “خفات جلعاد” یہودی کالونی کی توسیع کے لیے فلسطینیوں مویشیوں کے کئی باڑے گرا دیئےتھے. یہودی آبادکاروں کی جانب سے تل الربیع اور بیت القدس میں فلسطینیوں کا احتجاج روکنے کے بعد رام اللہ کے قریب سنجل کے مقام پر ٹائر جلا کر مرکزی شاہراہ پر فلسطینیوں کی آمد و رفت روک دی. جگہ جگہ ٹائروں کولگائی آگ سے فلسطینیوں کی املاک اور دکانوں کو بھی نقصان پہنچا ہے. کئی بازاروں کے قریب یہودی غنڈہ گردوں کے ھجوم کے جمع ہونے سے فلسطینیوں نے دکانیں بند کر دی تھیں. عینی شاہدین کے مطابق سنجل کے مقام پر یہودی آبادکاروں کے ٹائرجلانے کے دوران صہیونی پولیس اور فوج کی بڑی تعداد بھی موقع پر موجود تھی قبل ازیں جمعرات کی صبح یہودیوں نے رام اللہ میں “بیتلو” قصبے میں ایک فلسطینی شہری کی گاڑی چھین کر اس پرتیل چھڑکا اوراسے نذرآتش کر دیا گیا. جلائی گئی کار کے مالک ھانی صالح بزار نے بتایا کہ وہ اپنی کار میں بیٹھنے لگا تھا کہ اتنے میں ڈنڈا بردار یہودیوں کا ایک گروہ اس کے پاس آ پہنچا .انہوں نے اسے پکڑ کرتشدد کا نشانہ بنایا اور کار پر تیل چھڑک کر اسے آگ لگا دی.